
عمران فرحت آؤٹ ہونے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی تھے

عمران فرحت آؤٹ ہونے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی تھے
ہوبارٹ میں آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں مشکلات کا شکار ہے اور اس نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر چار وکٹ کے نقصان پر چورانوے رنز بنائے ہیں۔
جب کھیل ختم ہوا تو سلمان بٹ چونتیس جبکہ شعیب ملک چار رن پر ناٹ آؤٹ تھے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے میچ کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں پر پانچ سو انیس رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔
پہلی اننگز میں پپاکستان کے اوپنرز عمران فرحت اور سلمان بٹ نے ٹیم کو تریسٹھ رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر پہلے عمران فرحت اور پھر خرم منظور کے آؤٹ ہونے سے ٹیم دباؤ میں آ گئی۔

کلارک اور پونٹنگ نے چوتھی وکٹ کے لیے 352 رنز بنائے
عمران فرحت کو اڑتیس کے انفرادی سکور پر سڈل نے آؤٹ کیا جبکہ خرم منظور بغیر کوئی رن بنائے سڈل ہی کی گیند پر پونٹنگ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ چوہتر کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب پاکستانی کپتان محمد یوسف رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے سات رنز بنائے۔ یوسف کی جگہ آنے والے عمر اکمل بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور صرف آٹھ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے دن جب کھیل شروع ہوا تو آسٹریلیا نے تین سو دو رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی۔ گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بلے بازوں رکی پونٹنگ اور مائیکل کلارک نے جمعہ کو بھی عمدہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔ وہ دو سو نو رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
مائیکل کلارک نے ایک سو چھیاسٹھ رنز کی اننگز کھیلی۔ پونٹنگ اور کلارک کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے تین سو باون رن کی شراکت ہوئی۔ بعد میں آنے والے آسٹریلوی بلے بازوں میں سے بریڈ ہیڈن نے اکتالیس رنز بنائے۔

پیٹر سڈل نے دو پاکستانی بلے بازوں کو آؤٹ کیا ہے
پاکستان کی طرف سے دانش کنیریا نے تین، محمد آصف اور محمد عامر نے دو دو اور عمرگل نے ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔
پاکستان نے اس ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم میں چار تبدیلیاں کی ہیں اور کامران اکمل، محمد سمیع، فیصل اقبال اور مصباح الحق کی جگہ سرفراز احمد، خرم منظور، محمد عامر اور شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کی ٹیم: کیٹچ، واٹسن، بونٹنگ، مائیک ہسی، کلارک، ہادن، جونسن، ہورٹز، سڈل اور بولنجر۔
پاکستان کی ٹیم: عمران فرحت، سلمان بٹ، خرم منظور، محمد یوسف، عمر اکمل، شعیب ملک، احمد، محمد عامر، عمر گل، آصف اور دانش کنیریا۔
BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے
اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔