آخری وقت اشاعت:  جمعـء 18 جون 2010 ,‭ 18:48 GMT 23:48 PST

انگلینڈ پھر نہ جیت سکا

تازہ ترین سکور اور گروپ ٹیبلز کے لیے آپ کے پاس جاواسکرپٹ ہونا چاہیئے

فٹبال ورلڈ کپ دو ہزار دس کے گروپ سی کا میچ انگلینڈ اور الجیریا کے درمیان برابر رہا اور دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔

کلِک فٹبال ورلڈ کپ پر بی بی سی اردو ڈاٹ کام کا خصوصی ضمیمہ

کلِک ورلڈ کپ کا آٹھواں دن: تصاویر

کیپ ٹاؤن میں ہونے والے اس میچ میں انگلینڈ کی ٹیم اپنی فارم میں نہ آ سکی اور اپنے پہلے کھیلے گئے میچ کی طرح چانس ضائع کرتی رہی۔

بگیرہ اور رونی

بگیرہ اور رونی

کھیل کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں میں سے کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی اگرچہ انگلینڈ نے الجیریا پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔

انگلینڈ کے وین رونی، سٹیفن جیرالڈ اور ہیسکی گیند کو گول میں پھینکنے کی کوششیں کرتے رہے لیکن ان کی کوئی بھی ہٹ ایسی نہیں تھی جو الجیریا کے گول کیپر کو پریشان کر سکتی۔

دوسرا ہاف بھی اسی طرح ہوا اور انگلینڈ کی ٹیم گول کرنے کے مواقع ضائع کرتی رہی۔

انگلینڈ اور الجیریا

  • انگلینڈ کبھی بھی کسی افریقی ملک سے نہیں ہارا۔ افریقی ممالک سے کھیلے گئےگزشتہ پندرہ میچوں میں سے اس نے گیارہ جیتے اور پانچ برابر رہے۔
  • الجیریا کے ساتھ میچ کے دن مینیجر فیبیو کیپیلو اپنی چونسٹھویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
  • وین روونی گزشتہ چھ بین الاقوامی میچوں میں کوئی گول نہیں کر سکے۔
  • یورپی ممالک کے خلاف گزشتہ سولہ میچوں میں الجیریا صرف رومانیہ سے جیت سکا ہے۔
  • الجیریا کے سکواڈ کے سترہ کھلاڑی فرانس میں پیدا ہوئے ہیں۔
  • گزشتہ چھ میچوں میں سے پانچ میچ الجیریا بغیر کوئی گول کیے ہارا ہے۔

میچ کے بعد انگلینڈ ٹیم کے کپتان سٹیفن جیرالڈ نے کہا کہ جو چیز میچ میں ’مِسنگ‘ تھی وہ گول تھے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یہ نہیں پتہ کہ یہ کیوں ہوا لیکن وہ اب دیکھیں گے کہ مسئلہ کیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری تھا۔ اگر انگلینڈ یہ میچ ہار جاتا تو اسے ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے اپنا اگلا میچ سلوینیا کے ساتھ ہر حال میں جیتنا تھا۔لیکن اگر الجیریا یہ میچ ہارتا تو وہ اگلے راؤنڈ میں نہیں جا سکتا تھا۔

انگلینڈ اور الجیریا دونوں ٹیمیں اپنے پہلے میچوں میں ورلڈ کپ میں متعارف کیے گئے نئے گیند کا شکار ہوئی ہیں۔ امریکہ کے خلاف میچ میں انگلینڈ کے گول کیپر کے ہاتھ سے گھومتا ہوا ہلکا بال پھسل کر گول میں جا گرا تھا اور الجیریا کے گول کیپر بھی سلوینیا کے کھلاڑی کی ہلکی سے شاٹ بھی نہ روک سکے تھے اور گول کروا لیا۔

انگلینڈ کے وین روونی نے میچ سے پہلے کہا تھا کہ انگلینڈ الجیریا سے یہ میچ جیت جائے گا۔

انگلینڈ کے شاہی خاندان کے شہزادے، ولیم اور ہیری، بھی میچ دیکھنے کیپ ٹاؤن کے سٹیڈیم میں موجود ہیں۔

[an error occurred while processing this directive]

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔