غیرجانبدارانہ تفتیش کی جائے: میرا

میرا
،تصویر کا کیپشنمیرا وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے شکایت سیل سے داد رسی کے لیے رجوع کر چکی ہیں
    • مصنف, عبادالحق
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
  • وقت اشاعت

اداکارہ میرا نے اپنے خلاف درج مقدمے کی تفتیش کے سلسلہ میں سٹی چیف پولیس آفیسر کے دفتر پہچ گیئں اور یہ استدعا کی کہ ان کے خلاف درج مقدمے کی غیر جانبدارنہ تفتیش کی جائے کیونکہ بقول اداکارہ ان کے خلاف جو مقدمہ درج کیا گیا ہے وہ بے بیناد ہے۔

میرا کے خلاف لاہور کے علاقے ڈیفنس کے پولیس سٹیشن میں چوری کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔ تاہم عدالت نے اداکارہ کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اداکارہ کے خلاف مقدمہ ایک ایسے کاروباری شحض عتیق الرحمان نے درج کرایا ہے جو میرا کا شوہر ہونے کا دعویدار ہے۔

میرا نے سٹی پولیس چیف پرویز راٹھو سے ملاقات کی اور انہیں ان عدالتی احکامات کی نقول فراہم کیں جو عدالت نے اداکارہ کی درخواست پر دیئے ہیں۔

خیال رہے کہ منگل کے روز لاہور کی مقامی عدالت نے میرا کی اس درخواست کو منظور کیا تھا جس میں عتیق الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا تھا وہ میرا کی درخواست کا جائزہ لے کر قانون کے مطابق کارروائی کرے۔

میرا نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں کہاگیا کہ عتیق الرحمان نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا اور ان کے گھر زبردستی داخل ہوکر مسلح افراد کے ذریعے قبضہ کرنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے پولیس کو مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست دی لیکن پولیس کارروائی نہیں کر رہی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ پولیس کو عتیق الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی جائے۔

سٹی چیف پولیس آفیسر پرویز راٹھور نے اداکارہ میرا کی درخواست ڈی آئی جی انویسٹیگیشن لاہور کو بجھوا دی اور میرا کو یقین دہانی کرائی کہ قانون کے مطابق میرٹ پر کارروائی کی جائے۔

اداکارہ اس قبل وزیراعلیْ پنجاب کےشکایات سیل سے بھی داد رسی کے لیے رجوع کر چکی ہیں جس پر متعلقہ حکام نے پولیس کو ہدایت کی تھی کہ میرا کو تحفظ فراہم کیا جائے۔