گریمی کے لیے بھارتی موسیقاروں کی نامزدگی

اے آر رحمان
،تصویر کا کیپشناے آر رحمان کو ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کی موسیقی کے لیے آسکر ایوارڈ بھی مل چکا ہے
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
  • وقت اشاعت

ہندستان کے نامور سرود نواز استاد امجد علی خان اور بالی وڈ موسیقار اللہ رکھا رحمان کو موسیقی کی دنیا کے سب سے مشہور ایوارڈ ’گریمی‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

امجد علی خان کو ان کے البم ’این شیئنٹ ساؤنڈز‘ اور اے آر رحمان کو فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کی موسیقی کے لیے دو زمروں میں نامزدگی ملی ہے۔

استاد امجد علی خان نے اپنا یہ البم عراقی امریکی موسیقار رحیم الحاج کے ساتھ مل کر بنایا ہے جسے ٹائم میوزک نےجاری کیا ہے۔ اس البم میں سات گیت ہیں اور یہ سب گیت امجد علی خان نے خود لکھے ہیں۔

خان نے جنہیں اب تک ان کلاسیکی موسیقی میں ان کی خدمات کے عوض حکومت ہند نے متعدد اعزازات سے نوازا تھا، گریمی ایوارڈ میں نامزدگی کو انہوں نے اپنے لیے ہی نہیں ملک کے لیے ایک اعزاز قرار دیا ہے۔ انہوں نے اے آر رحمان کی کامیابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ہندوستانی موسیقی کے لیے یہ گریمی نامزدگی کا یہ پہلا موقع نہیں ہے اور اس سے قبل پنڈت روی شنکر کو یہ اعزاز تین مرتبہ حاصل ہو چکا ہے لیکن بالی وڈ کے کسی موسیقار کے لیے یہ پہلا موقع ہے۔

رحمان کی موسیقی بالی وڈ فلموں میں کافی مقبول تھی لیکن برطانوی ہدایت کار ڈینی بوئیل کی فلم ’سلم ڈاگ ملینئیر‘ کی موسیقی دینے پر انہیں کافی شہرت ملی انہوں نے اس کے لیے تین آسکر ایوارڈ بھی حاصل کیے۔ گریمی ایوارڈ میں انہیں ’بیسٹ سانگ ریٹرن فار موشن پکچرز‘ اور ’بیسٹب کمپائلیشن ساؤنڈ ٹریک البم فار موشن پکچرز‘ کے شعبوں میں نامزدگی حاصل ہوئی ہے۔

اے آر رحمان کا مقابلہ گلوکار اور موسیقار بروس سپرنگٹین سے ہے جنہیں’ونس ان اے لائف ٹائم‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ رحمن پہلی مرتبہ گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔ کسی بھی موسیقار کے لیے اس ایوارڈ کی نامزدگی باعث فخر سمجھی جاتی ہے۔ رحمان نے بالی وڈ میں اپنی موسیقی کا سفر ’روجا‘ اور ’رنگیلا‘ سے شروع کیا تھا اس کے بعد تال، سودیس ، رگن دے بسنتی ، گرو اور جودھا اکبر جیسی فلموں میں اپنی موسیقی کا جادو بکھیر چکے ہیں۔

استاد امجد علی خان
،تصویر کا کیپشناستاد امجد علی خان کو ان کے البم ’این شیئنٹ ساؤنڈز‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے

رحمان کو گریمی ایوارڈ میں نامزدگی حاصل ہونے پر بالی وڈ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ موسیقار ٹیم شنکر احسان لوئے کے احسان نے بی بی سی سے گفتگو کے دوران کہا کہ ’یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ رحمن کے فن نے اب سرحدوں کو عبور کر لیا۔ بالی وڈ کے لیے یہ ایک فخر کی بات ہے‘۔

موسیقار ساجد کا ماننا ہے کہ رحمان بالی وڈ کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ان کی موسیقی نے دنیا کو یہ ثابت کر دکھایا کہ ہندستان میں فن کی کمی نہیں ہے‘۔ ساجد مانتے ہیں کہ رحمان کی موسیقی اور ان کی لگن نے آج انہیں اس مقام تک پہنچایا ہے۔ ساجد کا کہنا ہے کہ ’ایک وقت تھا جب بالی وڈ کے لوگ ہالی وڈ کا تعاقب کیا کرتے تھے آج ہالی وڈ کے لوگ کام کی تلاش میں یہاں آرہے ہیں اس لیے اب یہ مان لینا چاہیے کہ بالی وڈ کسی بھی طرح ہالی وڈ سے کمتر نہیں ہے‘۔

موسیقار انو ملک نے کہا کہ رحمان ایک نایاب فنکار ہیں اور ایسا موسیقار صدیوں میں ایک پیدا ہوتا ہے۔ انہیں یقین ہے کہ یہ گریمی ایوارڈ ہندستان میں ہی آئے گا۔

باونویں گریمی ایوارڈ کی تقریب اکتیس جنوری کو لاس اینجلیس میں منعقد ہو گی۔