کیرا نائیٹلے تھیٹر ناقدین سے متفکر

کیرا نائیٹلے نے کہا کہ ان کے لیے تھیٹر میں کام کرنے کا تجربہ غیر معمولی اور بے پناہ حد تک قابلِ اطمینان رہا ہے
،تصویر کا کیپشنکیرا نائیٹلے نے کہا کہ ان کے لیے تھیٹر میں کام کرنے کا تجربہ غیر معمولی اور بے پناہ حد تک قابلِ اطمینان رہا ہے
    • مصنف, ربیکا جونز
    • عہدہ, نامہ نگار فن و ثقافت، بی بی سی نیوز
  • وقت اشاعت

اداکارہ کیرا نائیٹلے کو خدشہ ہے کہ تھیٹر ناقدین اس ہفتے ہونے والی ان کی پہلی پرفارمنس کو سخت تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔

فلم اٹونمینٹ اور پائریٹس آف دی کریبیئن میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی کیرا نائیٹلے فرانسیسی ڈرامہ نگار مولی ایغ کی تخلیق دی مِس اینتھراپ پر مبنی سٹیج پرفارمنس سے اپنے پروفیشنل تھیٹر کیریئر کا آغاز کر رہی ہیں۔

انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ کوئی بڑی امید لے کر اس شعبے میں داخل نہیں ہو رہی ہیں کہ انہیں پہلے دن سے ہی اچھے اچھے ریویو ملیں گے۔

دی مِس اینتھروپ جمعرات سے کامیڈی تھیٹر میں پیش کیا جائے گا اور اس کے شو تیرہ مارچ تک جاری رہیں گے۔

مولی ایغ کے ڈرامے کا انگریزی روپ ڈرامہ نگار مارٹن کرِمپ کی کاوشوں کا ثمر ہے۔ ان کے قلم سے ایکشن سترہویں صدی کے پیرس سے تبدیل ہو کر آج کے دور کے لندن میں آ جاتا ہے۔

بی بی سی ریڈیو فور کے ٹوڈے پروگرام سے بات کرتے ہوئے کیرا نائیٹلے نے ان وجوہات پر روشنی ڈالی جنہوں نے انہیں تھیٹر کا رخ کرنے پر مجبور کیا۔

’میں نے سوچا کہ اگر اب میں نے تھیٹر نہ کیا تو بعد میں میں جب بھی اس طرف آؤں گی تو ایسا کرتے ہوئے ڈروں گی۔ پھر میں نے کہا او کے چلو دیکھتے ہیں، کوشش کرنے میں کہا حرج ہے۔‘

ڈیمیئن لیوئس اور تارا فٹجیرالڈ کے ساتھ ڈرامے میں کام کرنے والی کیرا نائیٹلے نے تسلیم کیا کہ وہ ایک بہت بڑا خطرہ مول لے رہی ہیں۔ تاہم انہیں نے کہا کہ وہ اپنی طرف سے اچھا کام کرنے کی پوری کوشش کریں گے لیکن اگر وہ پھر بھی اچھا نہیں ہوتا تو ٹھیک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے لیے تھیٹر میں کام کرنے کا تجربہ غیر معمولی اور بے پناہ حد تک قابلِ اطمینان رہا ہے۔

نائیٹلے ان فلمیں شخصیات کی تازہ ترین مثال ہیں جنہوں نے سکرین کو چھوڑ کر سٹیج کا رخ کیا ہے۔ اس لسٹ میں ان سے پہلے نِکول کڈمین، جُوڈ لا، کیوِن سپیسی اور ہیری پوٹر کے اداکار ڈینیئل ریڈکلف کے نام شامل ہو چکے ہیں۔