اے آر رحمان کے سُر سِڈنی میں

بالی ووڈ کی فلم سلم ڈاگ ملینئر میں آسکر انعام حاصل کرنے والے مشہور موسیقار اے آر رحمٰن اس اختتام ہفتہ آسٹریلوی شہر سڈنی میں ایک مفت کنسرٹ کررہے ہیں جس کو انہوں نے بھارت اور آسٹریلیا کے تناؤ کے شکار تعلقات بہتر کرانے کو معنون کیا ہے۔
یہ تعلقات آسٹریلیا میں بھارتی طالب علموں پر پے درپے حملوں اور ایک گریجویٹ کی ہلاکت کے بعد سے سخت کشیدگی کا شکار ہیں۔
اے آر رحمٰن کو امید ہے کہ سڈنی میں ان کے اس کنسرٹ سے دونوں ملکوں کے تعلقات کی تلخی کچھ کم ہوسکے گی۔ حالیہ مہینوں میں یہ تعلقات سخت کشیدگی کا شکار رہے ہیں اور دو ہفتے پہلے میلبرن میں اکاؤنٹنگ کے گرجویٹ طالبعلم نتین گارگ کے قتل نے آسٹریلیا میں نوجوان ہندوستانیوں کی سلامتی سے متعلق خدشات کو ایک بار پھر بھڑکا دیا ہے۔
آسٹریلوی پولیس کے مطابق ایسے بعض حملے بلاشبہ نسل پرستی کی بنیاد پر کیے گئے لیکن زیادہ تر کے پیچھے معمولی جرائم پیشہ افراد ہیں جنہوں نے موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔
لیکن ان دلائل کے برعکس بھارتی ذرائع ابلاغ کے کچھ حلقوں اور سیاستدانوں نے آسٹریلیا کو ایک نسل پرست ملک قرار دیا ہے جو بیرون ملک سے آنے والے طالب علموں کا تحفظ نہیں کرنا چاہتا۔ ایسے میں اے آر رحمٰن سڈنی میں اپنے کنسرٹ سے مفاہمت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
اے آر رحمٰن کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا نے میرے گانے جے ہو کو اول نمبر پر پہنچایا تو میں یہ کنسرٹ ’شکریے کے طور پر کررہا ہوں ۔ اس سے میں کئی چیزیں کرنا چاہتا ہوں۔ ایک تو یہ کہ لوگ آئیں اور موسیقی سے لطف اندوز ہوں لیکن ساتھ ہی میں امن اور یکجائی کا پیغام بھی پھیلانا چاہتا ہوں ۔‘
اندازہ ہے کہ ایک لاکھ لوگ ان کے اس کنسرٹ میں شرکت کریں گے جو سڈنی شہر کے پیراماٹا محلے میں ہورہا ہے۔ یہ علاقہ بہت سے ہندوستانی طالبعلموں اور تارکین وطن کا مسکن ہے۔
اس کنسرٹ میں اے آر رحمٰن کے ساتھ چالیس سازندوں اور موسیقاروں کا ایک جتھہ بھی حصہ لے گا اور اور اس میں اے آر رحمٰن گزشتہ اٹھارہ برسوں میں اپنے تخلیق کیے ہوئے شاہکار گانے اور دھنیں پیش کریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















