کانز فلم میلے میں تھائی دھماکہ
فرانس میں ہونے والی کانز فلمی میلے میں بہترین فلم کا اعزاز تھائی لینڈ کی فلم ’انکل بونمی‘ کو دیا گیا ہے۔
انکل بونمی اپنی پچھلی زندگیوں کے واقعات کو یاد کر سکتا ہے۔ اس فلم نے ’پام د ور‘ نامی ایوارڈ کے لیے برطانوی ہدائیتکار مائیک لیہ کی فلم ’این ادر یئر‘ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ہدائیتکار اپیچیٹپونگ کی فلم ’انکل بونمی‘ میں مرکزی کردار ایک بوڑھے شخص کی بستر مرگ پر اپنی مرحوم بیوی اور اپنے لاپتہ بیٹے سے ملاقات ہوتی ہے جو بن مانس میں تبدیل ہو چکا ہے۔
بہترین فلم کا فیصلہ کرنے والی جیوری کے سربراہ امریکی ہدائیتکار ٹم برٹن تھے۔ جیوری کے سامنے انیس فلمیں تھیں جن میں سے انہوں نے فاتح کا انتخاب کیا۔
بہترین اداکارہ کا اعزاز فرانسیسی ہدائیتکارہ جولیٹ بِنوشے کو فلم ’کوپی کونفورمے‘ میں اداکاری پر دیا گیا۔ اس فلم کے ہدائیتکار ایران کے عباس کیروستامی ہیں جنہوں نے انیس سو ستانوے میں ’ٹیسٹ آف شیری‘ بنانے پر ’پام دور‘ حاصل کیا تھا۔
بہترین اداکار کا اعزاز ہسپانیہ کے خاویئر باردیم اور اطالوی اداکار ایلو جیرمانو کے درمیان تقسیم ہوا۔ باردیم نے فلم ’بیوٹیفل‘ اور ـیرمانو نے فلم ’لا نوسترا ویتا‘ میں اداکاری کی۔
بہترین ہدائیتکار کا انعام میتھیو املرک کو فلم ’تورنی‘ پر ملا۔















