کرینہ کا پاور یوگا اور قطرینہ کی گردن

شاہ رخ خان
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
  • وقت اشاعت

شاہ رخ خان کی اب کلاس لی جائے گی۔ نہ۔۔۔ اداکاری کی نہیں اس میں تو وہ استاد بن چکے ہیں بلکہ ڈرائیونگ کی! تو کیا خان گاڑی چلانا نہیں جانتے؟ ایسا بھی نہیں ہے۔

دراصل خان کی اپنی ہوم پروڈکشن فلم را۔ون جس میں وہ اداکاری بھی کر رہے ہیں، انہیں دنیا کی سب سے تیز رفتار کار بوگاٹی چلانی ہے۔ فلم کے پردے پر وہ کار چار سو سات کلومٹر فی گھنٹے کی رفتار سے دوڑے گی۔ یہ سن کر ہی دل کانپ جاتا ہے۔

اب خان نے کبھی اس رفتار سے تو گاڑی چلائی نہیں ہو گی اس لیے انہیں گاڑی چلانے کی تربیت لندن میں دی جائے گی اور یہ تربیت کوئی اور نہیں ہالی وڈ فلم ’پائریٹس آف دی کیریبئین‘ کی ٹیم دے گی۔

سلمان کو زیڈ سیکوریٹی

اب یہ تو ہونا ہی تھا۔ تملوں کی مخالفت کے باوجود سلمان خان سری لنکا پہنچے اور آئیفا میں ’تقریبا‘ برانڈ سفیر کی طرح شریک ہوئے۔ نتیجہ! سلو آج کل زیڈ سکیورٹی کی حفاظت میں چلتے ہیں اور انہیں یہ سکیورٹی سری لنکا کی حکومت نے مہیا کی ہے۔ اس وقت سلو انیس بزمی کی فلم ’ریڈی‘ کی شوٹنگ کے لیے کولمبو میں ہیں لیکن شہر نہیں بلکہ وہاں کے گھنے جنگلات میں۔

شورش زدہ ملک میں وہ بھی گھنے جنگلات کے بیچ! آپ اسے سلو کی ہمت کہیں گے؟ ۔۔۔ ہمیں نہیں پتہ۔

نظریں چرانا

بالی وڈ کی دوحسینائیں دیپکا پادوکون اور سونم کپور ایک دوسرے سے نظریں نہیں ملانا چاہتی ہیں۔ اسی لیے تو سونم نے روہت دھون کی فلم ’دیسی بوائے‘ میں کام کرنے سے انکار کر دیا کیونکہ اس فلم میں پہلے سے ہی دیپکا کو سائن کیا گیا تھا۔ پھر سونم نے ایک فیشن میگزین کے سرورق کے لیے ایک ساتھ شوٹنگ سے منع کیا۔

رنبیر کپور

چلیے سسپنس ختم کر کے ہم بتا ہی دیں کہ رنبیر کپور کی وجہ سے دونوں ایک دوسرے کی موجودگی برداشت نہیں کر پاتیں۔ اب رنبیر بھی دیپکا کی زندگی سے باہر ہو چکے ہیں اور سونم کی نزدیکیاں جوان ہدایت کار پونیت ملہوترہ کے ساتھ بڑھ رہی ہیں۔ تو پھر جس وجہ سے دونوں ایک دوسرے سے نظریں چراتی ہیں وہ وجہ بھی اب باقی نہیں رہی تو کیسا گلہ کیسا شکوہ۔

بھجی بسری یاد!

ہم جانتے ہیں اسے بھُولی بِسری یاد کہا جاتا ہے لیکن کیا کریں ہم جن کے بارے میں کہنے جا رہے ہیں ان کے نام بھی تو کچھ اسی طرح کے ہیں۔ بھجی یعنی ہربھجن سنگھ اور گیتا بسرا۔

کرکٹ کا کوئی میچ ہو بھجی کھیل رہے ہوں تو گیتا کی تالیوں کا شور اور خوشی دیکھنے لائق ہوتی تھی۔ نزدیکیاں اتنی بڑھیں کہ بھجی نے اپنی بہن کی منگنی کے وقت گیتا کو اپنے گھر والوں سے بھی ملایا تھا۔ پر اب ہمیں پتہ چلا ہے کہ دونوں کی دوستی میں دراڑ پیدا ہو گئی ہے۔

اوں ہونہہ ۔۔ ٹھنڈی آہیں بھر کر بھی کیا ہو گا؟ دراصل بالی وڈ اور کرکٹ کا ہمیشہ سے رشتہ کھٹا میٹھا ہی رہا ہے۔

کنگنا کا یقین

کنگنا رناوت

بالی وڈ اور توہم پرستی میں چولی دامن کا ساتھ ہے۔ فلم کا مہورت، فلم کی نمائش یا زندگی کا کوئی اہم کام نجومی سے صحیح وقت کا تعین کیے بغیر کوئی کام ہوتا ہی نہیں ہے۔

کنگنا رناوت نے خود کو اب اس فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ ان کی آنے والی فلم ’ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی‘ تیس جولائی کو ریلیز ہونے والی تھی۔ فلم کائٹس کے منہ کے بل گرنے کے بعد کنگنا نے کسی طرح کا خطرہ مول لیے بغیر اپنے نجومی سے مشورہ کیا اور نجومی نے صلاح دی کہ فلم تیس کے بجائے اگر انتیس جولائی کو ریلیز کی جائے تو ستارے بلند رہیں گے۔

پروڈیوسر ایکتا کپور نے کنگنا کی یہ بات مان لی لیکن کوئی تھیٹر انتیس کو خالی نہیں تھا اس لیے اب ایکتا نے ممبئی سے باہر فلم کی ریلیز انتیس کو رکھی ہے۔ کنگنا بے بی آپ نے یہ مشورہ بیچارے ان دوسرے فلم پروڈیوسرز کو کیوں نہیں دیا جن کی بڑی بجٹ کی تمام فلمیں بڑی کوششوں کے باوجود اس سال فلاپ ہو گئیں۔

پاور یوگا

کرینہ کپور کا پرکشش جسم ہر کسی کی توجہ کا مرکز ہے لیکن کیا یہ صرف ورزش کی وجہ سے ہے؟ یا پھر ڈائٹنگ کی وجہ سے؟

کرینہ بے بی کا ماننا ہے کہ یہ ان کے پاور یوگا کرنے کی وجہ سے ہے۔ اب فلم گول مال تھری کے سیٹ پر جب تشار کپور کے ٹرینر نہیں پہنچے تو انہیں کرینہ بے بی نے پاور یوگا سکھانا شروع کیا۔ کرینہ بے بی کیا آپ تشار کو کامیابی کا کوئی منتر نہیں سکھا سکتی کیونکہ بیچارے تشار کی زندگی میں تو بہن ایکتا اور پاپا جتنیدر کا منتر بھی کام نہیں کر پا رہا ہے۔

قطرینہ کی گردن

قطرینہ کیف

سپین میں فلم ’زندگی ملے گی نہ دوبارہ‘ کے سیٹ پر سٹنٹ کرنے کے دوران کیٹ بے بی کی گردن میں موچ آگئی۔ زویا اختر کی فلم میں کیٹ ایک چُلبلی بنداس قسم کی لڑکی کا رول کر رہی ہیں جس میں انہیں گہرے پانی میں تیرنا بھی ہے اور موٹر سائیکل بھی چلانی ہے۔ اب موچ آئی گردن کے ساتھ ہی کیٹ سٹنٹ کیسے کررہی ہیں یہ پوچھنا ہے تو فلم کے دیگر اداکار رتیک روشن ، فرحان اختر، ابھے دیول سے پوچھیں جو سیٹ پر کیٹ بے بی کی موچ آئی گردن کی نقل اتارنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتے۔

امیتابھ بیمار

امیتابھ بچن پھر بیمار ہو گئے۔ جو خبریں مل رہی ہیں ان پر اگر بھروسہ کیا جائے تو لندن میں بگ بی کی طبیعت بگڑ گئی ہے اس لیے وہ وہاں آرام کر رہے ہیں۔ ان کی بیماری کی خبر ملتے ہی بیٹا ابھیشیک اور بہو ایشوریہ رائے بھی وہاں پہنچ گئے۔ ہم ان کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔