لوہن کو نوے روز قید کی سزا

لنڈسے لوہن
،تصویر کا کیپشنلوہن سزا سننے کے بعد رو پڑیں
وقت اشاعت

امریکی اداکارہ اور ماڈل لنڈسے لوہن کو امریکی عدالت نے ضمانت کی خلاف ورزی کرنے پر نوے روز قید کی سزا سنائی ہے۔

امریکی جج نے چوبیس سالہ لوہن کو سنہ دو ہزار سات میں منشیات کے مقدمے میں ضمانت کی خلاف ورزی پر سزا سنائی۔

جج کا کہنا تھا کہ لوہن نے عدالت کی طرف سے اصلاحی کلاسز لینے کے حکم کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے امریکی اداکارہ کو حکم دیا کہ وہ اپنے آپ کو بیس جولائی کو حکام کے حوالے کردیں۔

جج نے مزید حکم دیا کہ سزا پوری ہونے کے بعد اداکارہ اصلاحی پروگرام میں بھی حصہ لیں۔

لوہن عدالت کا فیصلہ سن کر رونے لگ گئیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا ’میں نے وہ سب کچھ کیا جو مجھے کرنے کا حکم ملا تھا۔ میں نہ پوری کوشش کی کہ میں اپنے کام کے ساتھ ساتھ عدالت کے حکم کی بھی تعمیل کروں۔‘

سنہ دو ہزار سات میں لوہن نے منشیات کے زیر اثر گاڑی چلانے کا کا اعتراف کیا تھا۔

ان کو اس وقت جیل ہوئی تھی لیکن وہ صرف 84 منٹ بعد ضمانت پر رہا ہو گئی تھیں۔