پیار کا اظہار اور شائنی تم چپ رہو
- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
- وقت اشاعت
پیار کا اعلان

سیف علی خان اور کرینہ کپور ایک پارٹی میں ایک ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے پہنچے اور پھر دنیا نے جان لیا کہ وہ ایک دوسرے سے پیار کرتے ہیں۔ اب بالی وڈ قطرینہ کیف اور رنبیر کپور کے انتظار میں ہیں کہ دونوں اسی طرح ایک دن اپنے پیار کا اظہار کریں۔
فلم ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ اور اس کے بعد فلم ’راج نیتی‘ کے دوران دونوں کا پیار پروان چڑھا۔
ارے بھئی یہ ہم نہیں کہتے زمانہ کہتا ہے۔ ہمارے خبری نے تو ہمیں یہ خبر بھی دی کہ رنبیر کی ماں نیتو سنگھ جنہوں نے کبھی بھی رنبیر کی سابقہ محبوبہ دیپکا کو پسند نہیں کیا تھا، قطرینہ کے لیے ہاں کہہ دی ہے اور جس طرح کیٹ کبھی سلو کے گھر فیملی ممبر کی طرح جاتی تھیں، اب وہ رنبیر کے گھر جاتی ہیں۔ توکیٹ بے بی پیار کا اعلان کب کریں گی؟ ویسے ایک بات تو ہے کہ آپ اور سلو کے پرستاروں کو آپ دونوں کی جوڑی ٹوٹنے کا افسوس ضرور ہے۔
پامیلا اینڈرسن بگ باس فور میں؟

ماڈل اور ہالی وڈ اداکارہ پامیلا اینڈرسن بگ باس فور میں شریک ہوں گی؟
ابھی باضابطہ اس کا اعلان نہیں ہوا ہے لیکن ہمارے خبری کے مطابق سیزن ٹو سے بگ باس میں کسی نہ کیس غیر ملکی اداکارہ کو شامل ضرور کیا جاتا ہے اس لیے اس سال پامیلا دیگر سولہ سٹارز کے ساتھ ایک ہی چھت کے نیچے رہنےوالی ہیں۔ انتہائی بولڈ اور بے واچ کی مشہور ہیروئین پامیلا کے چاہنے والوں کی فہرست بڑی طویل ہے۔ ویسے بھی ایک سے ایک متنازعہ ہستیاں بگ باس فور کا حصہ ہیں۔
شاہ رخ کی فلم میں ہالی وڈ موسیقار

عامر خان نے اپنی ہوم پروڈکشن فلم دھوبی گھاٹ میں اگر غیر ملکی موسیقار کو سائن کیا تھا اور اب ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شاہ رخ خان نے بھی اپنی سائنس فکشن فلم را۔ون میں ہالی وڈ کے نامور موسیقار ہینس زیمر کو بیک گراؤنڈ موسیقی دینے کے لیےمنا لیا ہے۔
محض پس منظر موسیقی دینے کے لیے انہیں دو کروڑ روپیوں کی پیشکش کی گئی ہے۔ اگر ایسے ہی چلتا رہا تو بیچارے ہندستانی موسیقاروں کا کیا ہو گا؟
رحمن کے ساتھ ورلڈ ٹور

موسیقار اے آر رحمن کو اب اپنی فلموں میں موسیقی دینے کے لیے سائن کرنا ہو تو آپ کو کئی بار سوچنا ہو گا۔ کیوں؟ وہ اس لیے کہ وہ ہمیشہ ورلڈ ٹور پر رہتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اگر انہوں نے فلم سائن کی لیکن آپ نے وقت پر کام پورا نہیں کروایا تو پھر آپ کو اپنا کام پورا کروانے کے لیے ان کے ساتھ ساتھ ورلڈ ٹور کرنا ہو گا۔ جس طرح فلم ' جھوٹا ہی سہی ' کے ہدایت کار عباس ٹائر والا کو آج کل کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کی فلم پندرہ اکتوبر کو نمائش کے لیے پیش ہو گی لیکن پس منظر موسیقی ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی ہے اور رحمن اب ورلڈ ٹور پر ہیں۔
اب تک رحمن لندن، لاس اینجلس ، بوسٹن، نیویارک میں اپنا کنسرٹ کر چکے ہیں۔ رات میں کنسرٹ ختم کرنے کے بعد رحمن اور عباس کسی مقامی سٹوڈیو میں چلے جاتے ہیں اور وہاں رات بھر کام کرتے ہیں۔ عباس اس کی شکایت بھی نہیں کرتے آخر انہیں ان کی فلم کے لیے اچھی موسیقی بھی تو چاہیے۔
شائنی چپ رہو

شائنی آہوجہ ہمیشہ ہی غلط وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں۔ اپنی ہی گھریلو ملازمہ کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار ہو چکے شائنی شاید بالی وڈ میں اپنی آن بھی کھو چکے اسی لیے تو جب انہوں نے حال ہی میں پوجا بیدی کی فلم کے دوران فلمساز اور ہدایت کار کو اپنا ' قیمتی مشورہ ' دینے کی کوشش کی تو انہوں نے شائنی کو ' شٹ اپ ' کہہ دیا۔ ویسے اس سے پہلے بھی کئی اداکارائیں پریتی زنٹا، سوہا علی خان ، کنگنا رناوت ان سے اسی لیے نالاں تھیں لیکن کسی نے کبھی انہیں چپ رہو کہنے کی ہمت نہیں کی تھی۔
وحیدہ رحمن کی فراخ دلی
اپنے دور کی نامور حسین اداکارہ وحیدہ رحمن نے یہ کہہ کر مامی یعنی ممبئی اکاڈمی آف موونگ امیجز کا ' لائف ٹائم اچیومینٹ ' ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا کہ انہوں نے فلمی دنیا کے لیے ایسا کچھ نہیں کیا ہے کہ انہیں اتنے بڑے اعزاز کے لیے منتخب کیا جائے۔ مامی بورڈ نے پھر منوج کمار کا انتخاب کیا۔ وحیدہ جی اتنی انکساری آخر کس لیے۔



















