برٹنی والد کی زیرِ نگرانی ہی رہیں گی

برٹنی کے والد کو قانونی نگران بنائے جانے کی مدت اکتیس دسمبر کو ختم ہونا تھی
،تصویر کا کیپشنبرٹنی کے والد کو قانونی نگران بنائے جانے کی مدت اکتیس دسمبر کو ختم ہونا تھی
وقت اشاعت

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے دارالحکومت لاس اینجلیس میں عدالت نے برٹنی سپیئرز کے والد کو غیر معینہ مدت کے لیے گلوکارہ کے ذاتی اور مالی معاملات کا قانونی نگران برقرار رکھا ہے۔

اٹھائیس سالہ برٹنی نے لاس اینجلیس میں جج ریوا گوٹز سے ملاقات کی جس کے بعد مذکورہ جج نے عدالت میں بتایا کہ یہ فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔

سپیئرز کے والد جیمی نے بھی جج گوٹز سے علیحدگی میں ملاقات کی تھی۔

جیمی کو سنہ 2008 میں اس وقت برٹنی کے مالی و ذاتی امور کا نگران مقرر کیا گیا تھا جب امریکی گلوکارہ کو نفسیاتی علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

ابتداء میں برٹنی کے وکلاء نے اس پابندی کو ختم کروانے کی سرتوڑ کوشش کی تاہم اکتوبر 2008 میں وہ اس انتظام پر راضی ہوگئے تھے۔

برٹنی کے والد کو قانونی نگران بنائے جانے کی مدت اس برس اکتیس دسمبر کو ختم ہونا تھی تاہم اب اس میں غیر معینہ عرصے مدت کی توسیع کر دی گئی ہے۔

جج کے مطابق نگرانی جاری رکھنے کی وجہ یہ ہے کہ اگرچہ برٹنی کی صحت اب بہتر ہو چکی ہے تاہم انہیں اب بھی شک ہے کہ وہ دواؤں کے زیرِ اثر ہیں۔ جج کے مطابق برٹنی کے پیچیدہ مالیاتی حالات کی وجہ سے بھی یہ نگرانی ضروری ہے۔