بالی وڈ کا نیا کنگ

    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
  • وقت اشاعت

سلمان کی بادشاہت

سلمان خان
،تصویر کا کیپشنسلمان خان کی غیر سرکاری تنظيم کا نام ' بینگ ہیومن ' ہے

بالی وڈ میں آئے دن یہ بحث چھڑی رہتی ہے کہ بالی وڈ کا کنگ کون؟

عام طور پر یہ مان ہی لیا گیا ہے کہ شاہ رخ خان کنگ خان ہیں جبکہ اکثر کبھی امیتابھ بچن تو کبھی عامر خان کو اس زمرے میں رکھتے ہیں لیکن آج کی حقیقت تو یہ ہے کہ سلو بالی وڈ کنگ بن چکے ہیں۔

یہ ہم اس لیے نہیں کہہ رہے ہیں کہ ان کی فلم ’دبنگ‘ نے کامیابی کے بڑے بڑے ریکارڈ توڑے ہیں۔ ہم اس لیے بھی نہیں کہہ رہے ہیں کہ بگ باس ٹی وی ریئلٹی شو کی میزبانی کی وجہ سے اس شو کا ٹی آر پی بڑھ گیا۔

اس لیے بھی نہیں کہ آج بھی نوجوان نسل ان کے ہر انداز کی نقل کرتی ہے، بلکہ اس لیے کہہ رہے ہیں کہ آج تک کوئی بھی خان یا اداکار وہ نہیں کر سکا جو سلو نے کر دکھایا، بالی وڈ کی تمام نمبر ون حسیناؤں کو ایک نیک مقصد کے لیے ریمپ پر اتارا۔ قطرینہ ، رانی، پریتی، سشمیتا، کرینہ ، کرشمہ، پرینکا، بپاشا، اس شو میں شرکت کے لیے شوٹنگ چھوڑ کر ایک روز کے لیے ہندستان آئی تھیں۔

شاہ رخ کی جیت

شاہ رخ خان
،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس فلمیں زیادہ کامیاب نہیں رہی ہیں

شاہ رخ خان آخر جیت گئے اور سیف علی خان کی شکست ہوئی۔

شاہ رخ اور سیف دونوں ہی چاہتے تھے کہ وشال بھاردواج ان کی ہوم پروڈکشن فلم کی ہدایت دیں۔ سیف نے تو وشال کے سامنے شرط رکھی تھی کہ وہ اسی وقت ان کی فلم میں کام کریں گے جب وشال ان کی ہوم پروڈکشن فلم کی ہدایت دیں گے لیکن وشال نے سیف کو منع کر دیا حالانکہ اس کی وجہ سے پھر سیف نے ان کی فلم میں کام کرنے سے منع کر دیا۔

لیکن وشال نے شاہ رخ کی فلم کی ہدایت دینا منظور کر لیا۔

سنجے کی گزارش

ایشوریہ رائے
،تصویر کا کیپشنایشوریہ رائے رتک روشن کے ساتھ پہلے بھی کام کرچکی ہیں

فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی ایشوریہ رائے اور رتیک روشن کے ساتھ بنی فلم ’گزارش‘ میں زیادہ تر جملے انگریزی میں ہیں اور اس میں کچھ عجب بھی نہیں کیونکہ فلم پرتگالی دور کی فلم ہے اور گوا میں فلمائی گئی ہے۔ لیکن آخری لمحوں میں سنجے کو سمجھ آگئی اسی لیے تو انہوں نے رتیک اور ایشوریہ کے انگلش میں ادا کیے گئے جملوں کو ایک بار پھر ہندی میں ڈب کیا۔ اچھا ہے سنجے آپ سنبھل گئے ورنہ آپ کی فلم کا بھی حشر رتیک کی ہی فلم ’کائٹس‘ کی ہی طرح ہوتا جسے عوام نے اسی لیے ٹھکرا دیا تھا۔

رحمن اور رسول کی پریشانی

آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار رحمن اور رسول پھوکٹی میں دو باتیں مشترک ہیں ایک تو یہ کہ دونوں نے آسکر ایوارڈ جیتے دوسری یہ کہ دونوں کو صوفیوں سے محبت ہے۔

اسی لیے دونوں اکثر اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ کی زیارت کرتے ہیں۔ وہاں درگاہ کے باہر پھیلی گندگی اور بدبو سے پریشان دونوں نے ملک کے وزیراعظم کو خط لکھ کر حالات سے آگاہ کیا اور ان کے کہنے پر فوری طور پر لاکھوں روپیوں کا فنڈ پاس بھی ہوا۔ رحمن اور رسول کی جےہو!!

پریتی کے پاپا

پریتا زنٹا
،تصویر کا کیپشنپریتا زنٹا کا فلمی کرئیر اب ختم ہوتا نظر آتا ہے

پریتی زنٹا کے ’پاپا‘ اپنی بیٹی کی آنے والی فلم ’ہر پل‘ کے ہر تشہیری پروگرام میں پہنچتے ہیں اور اپنی بیٹی کی کارکردگی کی تعریف کرتے نہیں تھکتے۔

آپ کو حیرت ہو گی کہ آج تک پریتی کے والد نے اس سے پہلے کبھی کسی فلم کے پروموشن میں حصہ نہیں لیا تو پھر اب کیسے؟ ارے بھئی پریتی کے یہ ’پاپا‘ بھی تو ابھی ابھی بنے ہیں؟ نہیں سمجھے آپ چلیئے تجسس ختم کرتے ہیں یہ ہیں مرحوم فلمساز کمال امروہی کے بڑے بیٹے شاندار امروہی جنہوں نے پریتی کو اپنی بیٹی مانا ہے اور انہیں اپنی جائیداد میں سے حصہ بھی دینے والے ہیں۔ خوش نصیب پریتی۔

ہونہار بیٹے کا کمال۔۔۔۔۔

قطرینہ کیف
،تصویر کا کیپشنقطرینہ کیف کا شمار آج کل بالی وڈ کی نمبر ون اداکاروں میں ہوتا ہے

اداکار نصیرالدین شاہ کے بیٹے ایماد کو ایک دو نہیں تین تین فلموں کی پیشکش ہوئی ہے اور وہ بھی معمولی نہیں نامور ہدایت کار وشال بھردواج کی فلموں کی۔

ووان نے پرینکا چوپڑہ کے ساتھ ’سات خون معاف‘ میں ان کے ساتویں شوہر کا رول کیا ہے۔ فلم ابھی ریلیز نہیں ہوئی ہے وشال ایماد کی اداکاری سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ وشال ویسے آپ بھی تو جانتے ہی ہیں نا کہ ایماد کے خون میں اداکاری کے جراثیم موجود ہوں گے۔ پاپا نصیرعظیم فنکار اور ماں رتنا تھیئٹر اور فلموں کی اداکارہ۔

قطرینہ کا خراج عقیدت

قطرینہ کیف اپنی آنے والی فلم ’تیس مار خان‘ میں اپنے دور کی نامور اداکارہ مینا کماری کو خراج عقیدت پیش کریں گی۔ ہدایت کارہ فرح خان کا یہ آئیڈیا مینا کماری کے شائقین کو پسند ضرور آئے گا وہ خوبصورت مینا کو کیٹ کے روپ میں دیکھیں گے۔ خوبصورتی تو ٹھیک ہے لیکن کیٹ کو مینا کی طرح اداکاری کے لیے شاید برسوں لگ جائیں۔ ویسے کیٹ میں مینا کی اداکاری کی جھلک لوگوں نے اس وقت دیکھی جب سلمان کے بارے میں سوال کیے جانے کے بعد سیٹ کے پیچھے آکر کیٹ پھوٹ پھوٹ کر رو پڑی تھیں۔