چھوٹی سکرین پر بڑے ستارے

تجزیہ کار کہتے ہیں بالی وڈ کے ستاروں کے ٹی وی پر آنے کی ایک وجہ یہ ہے کہ انہیں زیادہ لوگ اور بہت سے روپیہ ملتا ہے
،تصویر کا کیپشنتجزیہ کار کہتے ہیں بالی وڈ کے ستاروں کے ٹی وی پر آنے کی ایک وجہ یہ ہے کہ انہیں زیادہ لوگ اور بہت سے روپیہ ملتا ہے
وقت اشاعت

بالی وڈ کی سابق ملکہ مادھوری ڈکشٹ ایک بار پھر سکرین پر نظر آ رہی ہیں لیکن اس مرتبہ ان کی واپسی ذرا مختلف قسم کی ہے۔

وہ امریکہ سے بھارت کے مغربی شہر ممبئی آئی ہیں جہاں وہ ایک مقبول ڈانس شو ’جھلک دکھلا جا‘ میں جج بنی ہیں۔

یہ شو انگریزی پروگرام ’ڈانسنگ ود سٹارز‘ کی طرز پر بنایا گیا ہے۔

مادھوری کا کہنا ہے کہ ’ڈانس میری روح کے قریب ہے۔ اس شو سے مجھے ان کی مدد کرنے میں مدد ملے گی جو ڈانس نہیں جانتے۔اور ٹی وی کے ذریعے مجھے اپنے پرستاروں تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔ ‘

لیکن فلم کے پردے سے ٹیلی وژن کی چھوٹی سکرین پر واپس آنے والوں میں مادھوری اکیلی نہیں ہیں۔

ایک کے بعد ایک بالی وڈ کے ستارے بھارتی ٹیلی وژن میں مقبولِ عام ریئالٹی شوز میں میزبانی کے فرائض ادا کرنے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔

حال ہی میں امیتابھ بچن چوتھی مرتبہ ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی کر کے ہٹے ہیں تو سلمان خان انگریزی ریئالٹی شو ’بگ برادر‘ کی بھارتی شکل ’بگ باس‘ کے میزبان بنے ہیں۔

اکشے کمار ’ماسٹر شیف انڈیا‘ کے میزبان بنے تو اب شاہ رخ خان ’وائپ آؤٹ‘ کے بھارتی ورژن ’زور کا جھٹکا‘ کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہیں۔

شاہ رخ خان
،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹیلی وژن اور سٹیج سے کیا

کبھی ایسا بھی تھا کہ بالی وڈ کے سٹارز کے لیے ٹی وی کے کسی شو کی میزبانی کرنا کوئی اچھی بات نہیں تھی۔

مگر آج بھارت کے نصف درجن بہترین ریئالٹی شوز کے میزبان بالی وڈ کے ستارے ہیں۔ اسی سے پتہ چلتا ہے کہ بھارت میں تفریحی ٹیلی وژن کا حلقۂ اثر کتنا زیادہ بڑھ رہا ہے۔

شاہ رخ خان کہتے ہیں ’ٹیلی وژن بہت بڑا ہو گیا ہے۔ اس میں بہت زیادہ مواقع ہیں۔ میرے وہاں جانے سے وہاں اور زیادہ ورائٹی ہو جائے گی۔ میں نے اپنا کیرئر بھی ٹیلی وژن اور سٹیج سے شروع کیا تھا۔ اور ٹی وی تو واقعی میرا فیورٹ ہے‘۔

اکشے کمار جو بھارت کے چوٹی کے فلمی ستاروں میں سے ایک ہیں، شاہ رخ خان کی بات سے متفق ہے۔ ’ٹی وی بہت ہی زیادہ مقبول میڈیم ہے۔‘

میڈیا کے تجزیہ کار کہتے ہیں بالی وڈ کے ستاروں کے ٹی پر آنے کی ایک وجہ یہ ہے کہ انہیں زیادہ لوگ اور بہت سے روپیہ ملتا ہے۔

امیتابھ بچن
،تصویر کا کیپشنامیتابھ بچن نے حال ہی میں چوتھی مرتبہ ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی کے فرائض سر انجام دیے

اتل پھڑنِس جو میڈیا کی ایک ریسرچ کمپنی کے سربراہ ہیں کہتے ہیں کہ ’ریئالٹی شوز ستاروں کو بہت پیسہ دیتے ہیں۔ پھر یہ کہ ان ستاروں کو دیگر سیلبریٹیز کی نسبت لوگوں کی نظروں میں رہنے کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ اور ٹی وی سے زیادہ اچھا پلیٹ فارم اور کیا ہو سکتا ہے جو آپ کو کروڑوں دیکھنے والوں کے ڈرائنگ رومز میں لے جاتا ہے۔‘

سونی کمپنی نے ایسے کئی ریئالٹی شوز بنائے ہیں۔ اجیت ٹھاکر جو اس کمپنی کے بزنس ہیڈ اور ایگزیکٹو نائب صدر ہیں کہتے ہیں ’بالی وڈ ستاروں کی وجہ سے ٹی وی چینلز کو بہت زیادہ لوگ دیکھتے ہیں۔ اور ستاروں کو اپنے پرستاروں سے جڑنے کا موقع ملتا ہے۔ وہ اپنی بڑی بڑی ہٹ فلموں سے اتنے زیادہ لوگوں تک نہیں پہنچ سکتے جتنا ٹی وی کے ذریعے۔‘

ٹریڈ تجزیہ کار کہتے ہیں کہ بالی وڈ کے ستارے ٹی وی شوز کی میزبانی کرتے رہیں گے۔ ٹی وی اور بالی وڈ کا جوڑ آسمان پر بنا ہے۔ ان دونوں کا قرب ناقابلِ شکست ہے۔