سلمان کے شاگرد عامر اور سالی نہیں گالی

عامر خان
،تصویر کا کیپشنعامر کو چونکہ فلم میں ایک مصور کا کردار نبھانا تھا اس لیے انہوں نے اداکاری سے پہلے سلمان سے برش پکڑنا سیکھا۔
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
  • وقت اشاعت

حیرت، ہاں بھئی حیرت ہونی ہی چاہیے کیونکہ انڈسٹری میں عامر کی اداکاری کا مقابلہ کرنا مشکل ہے اور پھر خود سلمان بھی یہ مان چکے ہیں کہ عامر اداکاری میں بالی وڈ کے کنگ ہیں۔ پھر؟ ارے بھئی سبب جانتے ہیں کہ سلمان ایک بہت اچھے مصور ہیں اور عامر کو چونکہ فلم ’دھوبی گھاٹ‘ میں ایک مصور کا کردار نبھانا تھا اس لیے ’پرفیکٹ‘ عامر نے اداکاری سے پہلے سلمان سے برش پکڑنا سیکھا۔

آپ کو کیا لگتا ہے ایک ہفتہ کی تربیت کے بعد عامر نے کتنا سیکھا ہوگا؟ عامر مصوری کرنا سیکھ گئے اور اسی لیے بطور گرو دکشنا انہوں نے سلمان کو اپنی بنائی ایک پینٹنگ دی جسے سلمان نے بھی خوشی خوشی اپنے گھر کی زینت بنا لیا ہے۔

سالی گالی نہیں ہے

فلمساز سدھیر مشرا چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ سالی گالی نہیں ہوتی ہے لیکن سینسر بورڈ چیف شرمیلا ٹیگور کا کہنا ہے کہ سالی گالی کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ مشرا کی آنے والی فلم کا ٹائٹل ہے ’یہ سالی زندگی‘ جسے سرٹیفکیٹ دینے سے شرمیلا جی نے انکار کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سدھیر اپنی فلم کے لیے وہی پرانا ٹائٹل رکھیں ’زندگی دربدر‘ شرمیلا جی سدھیر کی پریشانی آپ سمجھنے کی کوشش کیجیے بھئی آج کے دور میں انگریزی ہندی مراٹھی جاننے والوں میں سے کسے اس کا مطلب سمجھ میں آئے گا؟

ارباز کی دوستی

ارباز خان جب ایک پروگرام میں شاہ رخ کے گلے ملے اور ایشوریہ رائے سے ہائے ہیلو کہا تو پروگرام میں موجود سبھی لوگون نے ہی نہیں پورے بالی وڈ میں ہنگامہ ہو گیا۔ کنگ خان سے سلمان بھیا کی دوستی کڑواہٹ میں بدل چکی ہے۔ ایش سے ان کا یارانہ کب کا ٹوٹ چکا ہے بلکہ جب دونوں ایک دوسرے کو دیکھتے ہیں تو نظریں چراتے ہیں یا راستہ ہی بدل لیتے تو پھر؟ ایک بات سمجھ میں آتی ہے کہ ارباز اب پروڈیوسر بن چکے ہیں اس لیے سب سے دوستی نبھانا ضروری ہے یا پھر اس کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ سلمان بھیا نے کبھی اتنی چھوٹی باتوں پر اعتراض ہی نہ جتایا ہو؟ خیر کچھ بھی ہو اس وقت کسی شاعر کا یہ مصرعہ یاد آرہا ہے’دل ملے یا نہ ملے ہاتھ ملاتے رہیے۔‘

ہم ساتھ ساتھ ہیں

بپاشا نے اپنے بلاگ پر ان سرگوشیوں کی صفائی پیش کی ہے جن کے مطابق بپاشا اور جان ابراہام میں تعلقات خراب ہو چکے ہیں اسی لیے دونوں اب ایک ساتھ کہیں بھی نظر نہیں آتے ہیں۔ بے بی آخر اس میں جھوٹ کیا ہے۔ اگر آپ دونوں میں پہلے جیسی دوستی ہے تو پھر آپ دونوں ایک ساتھ کیوں نظر نہیں آتے اور آخر آپ کو بلاگ میں اس بابت صفائی کیوں دینی پڑی؟ کچھ تو جس کی پردہ داری۔

کرینہ کی اونچائیاں

کرینہ کی فلمیں چاہے کامیاب ہوں یا فلاپ اس سے ان پر کوئی اثر کہاں پڑتا ہے۔ اس وقت وہ بالی وڈ کی سب سے مہنگی اداکارہ ہیں سب سے زیادہ اشتہارات ان کے پاس ہیں اور تو اور وہ انڈسٹری کی ایسی اداکارہ بن گئی ہیں جو بیک وقت انڈسٹری کے پانچوں خانوں کے ساتھ فلمیں کر رہی ہیں۔ عامرخان، شاہ رخ خان، سلمان خان، سیف علی خان اور عمران خان۔

قادر خان کی واپسی

ایک عرصہ تک فلمی دنیا سے دور رہنے والے نامور اداکار، کامیڈین ، مکالمہ نویس قادر خان واپس آگئے ہیں لیکن اس وقت فلموں میں نہیں چھوٹے پردے پر یعنی اب وہ ٹی وی سیرئیل میں کامیڈی کریں گے۔ قادر خان کی واپسی اب کے پرستاروں کو مبارک ہو کیونکہ کئی برسوں سے وہ نہ صرف فلمی دنیا بلکہ وطن سے بھی دور تھے۔

خان کی نیند

کیا آپ جانتے ہیں کہ شاہ رخ خان محض تین گھنٹے ہی سو پاتے ہیں؟ ہمیں بھی کہاں پتہ تھا وہ تو انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ وہ آج کل ہمیشہ سفر میں رہتے ہیں لیکن انہیں کبھی بھی جیٹ لاگ کی شکایت نہیں ہوئی کیونکہ ویسے بھی وہ چوبیس گھنٹوں میں سے صرف تین گھنٹے کی ہی نیند لیتے ہیں اور انہیں شکایت ہی نہیں کیونکہ ایسی زندگی کا انتخاب انہوں نے ہی کیا تھا۔ اب یہ بات تو آپ جانتے ہی نہیں کہ خان صرف فلموں میں اداکاری یا اشتہارات یا ٹی وی شوز ہی نہیں کرتے بلکہ ان کی اپنی پروڈکشن کمپنی اور ایک کرکٹ ٹیم بھی ہے۔ ہم نہیں بلکہ ان کی بیگم گوری کی نصیحت اگر وہ سن لیں تو بہتر ہے جو اب کہنے لگی ہیں کہ ’ذرا تھم جائیے‘

دیپکا نے فون نہیں اٹھایا

کلپنا لاجمی کو بہت افسوس ہے کہ دیپکا پادوکون نے ان کا فون تک نہیں لیا۔ فلم ’رودالی‘ کی لاجمی ایک فلم بنانا چاہتی ہیں اور وہ اس بات پر مصر ہیں کہ ان کی فلم کی ہیروئین اگر کوئی ہو گی تو وہ دیپکا لیکن دیپکا ہیں کہ جب بھی لاجمی فون کرتی ہیں وہ اپنی سکریٹری سے یہ کہلوا دیتی ہیں کہ دو ہزار بارہ تک ان کے پاس تاریخیں نہیں ہیں۔ لاجمی جی آپ سمجھ دار ہیں سمجھ جائیے کہ دیپکا کی کیا منشاء ہے۔