ہدایت کار سِڈنی لومیٹ کو خراج عقیدت

سِڈنی لومیٹ
،تصویر کا کیپشنہالی وڈ ستاروں کے علاوہ نیو یارک کے مئیر مائیکل بلومبرگ نے بھی سِڈنی لومیٹ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے
وقت اشاعت

ہدایت کار سِڈنی لومیٹ کے انتقال کے بعد ہالی وڈ ستاروں ووڈی ایلن، مارٹِن سکورسیزی اور ال پچینو نے ان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وہ چھیاسی برس کے تھے۔ سڈنی لومیٹ نیو یارک میں بنائی اپنی کلاسِک فلموں کے لیے مشہور تھے۔

ہدایت کار ووڈی ایلن نے کہا ہے کہ لومیٹ یقیناً ’نیو یارک فلم ساز‘ تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’مجھے حیرت ہوتی ہے کہ ان کی کتنی ساری فلمیں کتنی اچھی ہیں اور کتنے سارے اداکار ان کی ہدایت میں سب سے بہتر کام کیا کرتے تھے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں سِڈنی کو جانتا ہوں، مرنے کے بعد بھی ان میں زیادہ تر زندہ لوگوں سے زیادہ توانائی ہوگی۔‘

سِڈنی لومیٹ کی سوتیلی بیٹی نے بتایا کہ ان کا انتقال ہفتے کے روز ان کے گھر میں ہوا۔ وہ لےمفوما مرض کا شکار تھے۔

لومیٹ نے اپنی فلم ’12 اینگری مین‘ سے شہرت حاصل کی۔ ان کی دیگر کامیاب فلموں میں ’ڈاگ ڈے آفٹرنون‘، ’نیٹ ورک‘ اور ’سرپیکو‘ شامل ہیں۔

انہوں نے چالیس سے زیادہ فلموں بنائیں جنہیں پچاس سے زیادہ ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا۔

ہدایت کار مارٹن سکارسیزی نے لومیٹ کے انتقال کو ایک ’دور کا اختتام‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’وہ نیو یارک کے فلم ساز تھے اور ان کی فلموں کی وجہ ہم اس شہر کو بہتر اور قریب سے دیکھ اور سمجھ پائے ہیں۔ ان فلموں میں ’سرپیکو‘، ’ڈاگ ڈے آفٹرنون‘ اور ’پرِنس آف دی سِٹی‘ جیسی کلاسِک فلمیں شامل ہیں۔

اداکار ال پچینو نے کہا کہ ان کے لیے اس حقیقت کا سامنا کرنا مشکل ہے کہ اب لومیٹ کوئی فلمیں نہیں بنائیں گے۔

ہالی وڈ ستاروں کے علاوہ نیو یارک کے مئیر مائیکل بلومبرگ نے بھی سِڈنی لومیٹ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

لومیٹ کے والدین اداکر تھے اور انہوں نے اپنے کیرئیر کی شروعات نیو یارک تھیٹر میں اداکار کے طور پر کی اور انیس سو پچاس کی دہائی میں ہدایت کار بنے۔

ان کے لواحقین میں ان کی بیوی، دو بیٹیاں، دو سوتیلی بیٹیاں، نو پوتے پوتیاں اور ایک پڑپوتی شامل ہے۔