’شی منکِیز‘ جیت گئی

،تصویر کا ذریعہOther
دو نوجوان لڑکیوں کی دوستی اور مخاصمت پر بنی سویڈن کی فلم ’شی منکِیز‘ نے نیویارک میں ’ٹرائی بیکا‘ انعام جیت لیا ہے۔ گھڑسواری کی دنیا میں بنی ہدایتکارہ لیزا ایسکان کی اس فلم کو بہترین کہانی کی وجہ سے پچیس ہزار ڈالر کا انعام دیا گیا۔
اسرائیلی ہدایتکار الما ہاریل کی فلم ’بمبئی بیچ‘ نے بہترین دستاویزی فلم کا اعزاز حاصل کیا۔ یہ فلم امریکی ریاست کیلیفورنیا میں جھیل ’سالٹن سی‘ کے قریب صحرائی علاقے میں بنائی گئی ہے۔
اس علاقے میں کئی دہائیاں پہلے سیاحوں نے آنا چھوڑ دیا تھا۔ فلم میں اس ویران علاقے اور اس کے باسیوں کی زندگی کو موضوع بنایا گیا ہے۔
بہترین اداکار کا انعام نسل کشی پر بنی روانڈا اور آسٹریلیا کی فلم ’گرے میٹر‘ میں کام کرنے والے اداکار مضان شامی بزیمانا نے جیتا۔ بہترین اداکارہ کا انعام کاریس فان ہوتین نے ’بلیک بٹرفلائز‘ میں اپنی اداکاری پر جیتا۔ اس فلم میں جنوبی افریقہ کے شاعر انگرڈ جونکر کی زندگی میں ملک کے نسل پرستی کے ماحول کو دکھایا گیا ہے۔
ٹرائی بیکا فلم میلے میں پانچ ہزار فلموں کو پیش کیا گیا تھا جن میں ترانوے فیچر اور اکتالیس دستاویزی فلمیں شامل تھیں۔















