بالی وڈ راؤنڈ اپ

    • مصنف, ثمرہ فاطمہ
    • عہدہ, بی بی سی، دلّی
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 3 منٹ

'اچھا ایکٹر ہوگیا ہوں، میں نہیں کہ سکتا'

ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے:رنبیر کپور
،تصویر کا کیپشنابھی بہت کچھ سیکھنا ہے:رنبیر کپور

ایک جانب جہاں رنبیر کپور کی اداکاری کی نئے اور پرانے تمام اداکار تعریف کر تے نہیں تھکتے وہیں رنبیر خود کو اچھا ایکٹر کہنے میں تکلف سے کام لے رہے ہیں۔

رنبیر کپور جلد ہی اداکارہ پرینکا چوپڑہ کے ساتھ انوراگ باسو کی فلم ’برفی‘ میں دکھائی دیں گے۔ اس فلم میں انھوں نے ایک گونگے اور بہرے انسان کا کردار نبھایا ہے۔

رنبیر سے جب پوچھا گیا کہ اس قسم کے مشکل کردار کو نبھانے کے بعد ان کا اپنی اداکاری کے بارے میں کیا خیال ہے تو انھوں نے کہا کہ وہ یہ فیصلہ دیکھنے والوں پر چھوڑ دینا چاہتے ہیں۔ وہ بذات خود اپنے بہتر ایکٹر ہونے کا اعلان نہیں کر سکتے۔ ان کے مطابق انہیں ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے۔

'کالے رنگ کے سبب اتنا وقت لگ گیا'

اداکار نوازالدین
،تصویر کا کیپشننوازالدین نے پپلی لائو، کہانی اور اب حال ہی میں گینگز آف واسع پور میں کام کیا ہے۔

اداکار نواز الدین آج کل فلم ’گینگز آف واسع پور‘ میں اپنی اداکاری کے لیے داد وصول کر رہے ہیں۔

فلم میں فیصل نامی شخص کا کردار نبھانے والے اداکار نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تصویر دیکھ کر لوگ انھیں آڈیشن کے لیے بلا تو لیتے تھے لیکن جب بالمشافہ ملتے تھے تو سب کا ایک ہی قسم کا جواب ہوتا تھا کہ رنگ کالا اور قد چھوٹا ہے۔

نواز مانتے ہیں کہ اب ہندی فلموں میں کاسٹنگ کا منظرنامہ بدل چکا ہے اور اب شکل وصورت سے زیادہ قابلیت پرکھی جانے لگی ہے جو کہ ایک خوش آئند تبدیلی ہے۔

نوازالدین نے پیپلی لائیو، کہانی اور اب حال ہی میں گینگز آف واسع پور میں اپنی اداکاری سے سب کا دل جیت لیا۔ انھوں نے کہا کہ اس دن کے لیے انھیں بڑا لمبا انتظار کرنا پڑا۔

'آرام کا موڈ ہو توایکٹنگ چھوڑ دینی چاہیے'

ابھشیک بچن
،تصویر کا کیپشنابھشیک بچن اسی ہفتے ریلیز ہونے والی فلم بول بچن میں ایک اہم کردار میں نظر آ رہے ہیں۔

بالی ووڈ کے معروف اداکار ابھیشیک بچن نے کہا ہے کہ ایک اداکار کو اپنے کام سے کبھی پوری طرح مطمئن نہیں ہونا چاہیے۔

ابھشیک بچن اسی ہفتے ریلیز ہونے والی فلم ’بول بچن‘ میں ایک اہم کردار میں نظر آ رہے ہیں۔

انھوں نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اداکار جس دن اپنے کام سے پوری طرح مطمئن ہو جائے گا وہ محنت کرنا چھوڑ دے گا اور وہیں سے اداکار کا کیريئر ختم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔

ابھیشیک نے مزید کہا کہ ایسا دن آنے سے قبل ہی اداکار کو کام کرنا چھوڑ دینا چاہیے۔

پلے بیک سنگر نہیں بننا چاہتا تھا

کیلاش کھیر
،تصویر کا کیپشنکیلاش کھیر کو سننے والے کہتے ہیں کہ ان کی گائکی آپ کو کسی اور دنیا میں لے جاتی ہے

کیلاش کھیر کو سننے والے کہتے ہیں کہ ان کی گائیکی آپ کو کسی اور دنیا میں لے جاتی ہے۔ سات جولائی کو کیلاش کھیر موسیقی، اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے ساتھ اپنا یوم پیدائش منا رہے تھے۔

پلے بیک سنگر بننے کے اپنے سفر کے بارے میں کیلاش نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا: 'پلے بیک سنگر بننے کی میری چاہ نہیں تھی۔یہ تو بس ہوتا گیا۔ پھر جب ہم پر گانے فلمائے جانے لگے تب بھی ہم حیران تھے، یہی سوچتے تھے کہ لوگ تو قطار میں لگے ہوئے ہیں اور بغیر کسی لائن میں لگے میرا نمبر آ گیا۔'

موسیقی سیکھنے کی چاہت میں کیلاش نے دلی میں اپنا گھر چھوڑ دیا لیکن بعد میں یا احساس ہوا کہ تنہا رہنا اتنا آسان نہیں ہے۔ دلی میں رہ کر ہی کیلاش نے کئی ملازمتیں حاصل کیں لیکن موسیقی کو حاصل نہ کر سکے اور اسی لیے انھوں نے ممبئی کا رخ کیا۔

ان کا ماننا ہے کہ آج نوجوانوں کو آزمائشوں سے کم گذرنا پڑتا ہے، 'اب تو مواقع خود ہی دروازوں پر دستک دیتے ہیں، کنواں خود پیاسے کے پاس جا رہا ہے جیسے بھگوان گھر گھر جاکر یہ کہہ رہے ہوں آ جا میں نے تیرے لیے ایک شو بنایا ہے'۔