امیتابھ بچن اولمپک مشعل کے سفر کا حصہ

امیتابھ بچن نے مشعل کے سفر کا حصہ بننے کو اپنے اور اپنے ملک کے لیے قابلِ فخر بات قرار دیا ہے
،تصویر کا کیپشنامیتابھ بچن نے مشعل کے سفر کا حصہ بننے کو اپنے اور اپنے ملک کے لیے قابلِ فخر بات قرار دیا ہے
وقت اشاعت

بالی وڈ کے نامور اداکار امیتابھ بچن کو بھی لندن میں اولمپکس مشعل کے سفر کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

وہ جمعرات کو لندن کے علاقے ساؤتھ وارک میں اولمپک مشعل لے کر دوڑنے والی ٹیم کا حصہ بنے۔

بدھ کی شب امیتابھ بچن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ انہیں اولمپک مشعل اٹھانے کا موقع دے کر عزت دی گئی ہے اور ’یہ میرے اور میرے ملک کے لیے ایک قابل فخر بات ہے۔‘

انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ’ گرینچ کے معیاری وقت کے وقت ساڑھے دس بجے لندن کے علاقے ساؤتھ وارک میں لندن اولمپکس مشعل اٹھا کر دوڑنا ان کے لیے عزت کی بات ہو گی۔‘

انہتر سالہ امیتابھ بچن واحد بھارتی مشہور شخصیت نہیں ہیں جو لندن اولمپکس کے ساتھ منسلک ہیں۔

بھارت کے معروف موسیقار اے آر رحمان لندن اولمپکس کی افتتاحی تقریبات کے لیے بنائے گئے نغمے کی موسیقی دیں گے۔

انہیں موسیقی دینے کا کام اس تقریب کے آرٹ ڈائریکٹر اور ہالی وڈ کے معروف ہدایت کار ڈینی بوئل نے سونپا ہے۔

اے آر رحمان نے سماجی رابطوں کی مقبول ویب سائٹ فیس بک پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ’ انہوں نے برطانیہ میں ہندوستان کے اثر انداز ہونے کے حوالے سے ایک پنجابی گانے کا ٹریک ترتیب دیا ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ’ یہ ٹریک اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے نغمے کا حصہ ہو گا اور ہدایت کار ڈینی بوئل کی تخلیقی خواہشات کے عین مطابق ہو گا۔‘