پیرس جیکسن کی خودکشی کی کوشش

پیرس جیکسن
،تصویر کا کیپشنپیرس جیکسن معروف پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کی اکلوتی بیٹی ہیں
وقت اشاعت

عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار مائیکل جیکسن کی بیٹی پیرس جیکسن نے خود کشی کرنے کی کوشش کی ہے اور انھیں ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔

اس معاملے میں تفصیل نہیں مل پائی ہے، البتہ مائیکل جیکسن کے والد جو جیکسن کے ایک پریس ایجنٹ اینجل ہاوانسک نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔

لاس اینجلس کے انٹرٹینمنٹ میڈیا کا کہنا ہے کہ پیرس جیکسن کو مقامی وقت کے مطابق دو بجے گھر سے لے جایا گیا۔

بی بی سی کے ایلسٹر ليتھیڈ کا کہنا ہے کہ اینجل ہاوانسک اس بات کی تصدیق نہیں کر پائے کہ یہ منشیات کے زیادہ استعمال کا معاملہ ہے یا پیرس کی کلائی پر کٹنے کے زخم تھے۔

مائیکل جیکسن کے بچوں میں پیرس جیکسن واحد بیٹی ہیں۔ پاپ سٹار کے خاندان نے مائیکل جیکسن کی موت کے سلسلے میں ایک کمپنی پر کروڑوں ڈالر کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔

جیکسن کی اکلوتی بیٹی ہونے کے سبب ان کا جائیداد میں حصہ بھی ہے۔

پیرس ماكروبلاگنگ سائٹ ٹوئیٹر پر کافی سرگرم ہیں۔ ان کی آخری ٹویٹ سنہ 60 کی دہائی کے مشہور برطانوی پاپ گروپ بیٹلس کے نغمے کے الفاظ تھے جن کا مطلب ہے: 'کل تک میری تمام مشکلات دور لگتی تھیں لیکن آج لگتا ہے کہ اب یہ مشکلات ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی۔‘

لاس اینجلس میں بی بی سی کے نامہ نگار ریگن مورس کا کہنا ہے کہ مائیکل جیکسن اپنے بچوں کو دنیا کی نظروں سے بچائے رکھنے کی پوری کوشش کرتے تھے۔

مائیکل جیکسن کے بچے
،تصویر کا کیپشنمائیکل جیکسن کے بچے

جب وہ اپنے بچوں کے ساتھ باہر جاتے تھے تو وہ انہیں ماسک پہنا دیتے تھے، تاکہ کوئی ان کی شناخت نہ کر پائے۔ سٹارڈم سے بھرپور اپنے بچپن کے برعکس مائیکل جیکسن اپنے بچوں کو ایک عام زندگی دینا چاہتے تھے، لیکن ان کی موت کے بعد پیرس جیکسن نے خود کو دنیا سے نہیں چھپایا۔

وہ اپنے اسکول میں چيئرليڈر ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کو موضوعِ گفتگو بنے رہنا پسند ہے۔

اپنے والد کی آخری رسومات کے دوران پیرس اپنی دادی اور دو بھائیوں کے ساتھ نظر آئی تھیں۔ اخباروں اور میگزین میں ان کی تصاویر یا ان سے وابستہ خبریں شائع کرنے کی دوڑ لگی رہتی ہے۔

اس کے علاوہ ٹوئٹر پر پیرس جیکسن کے لاکھوں لوگ فالورز ہیں۔