اطالوی راہبہ مقابلۂ موسیقی کی فاتح

کرسٹینا سکوسیا نے سب سے پہلے مارچ میں ہونے والے ایک ’بلائنڈ آڈیشن‘ میں ججوں کو متاثر کیا تھا۔
،تصویر کا کیپشنکرسٹینا سکوسیا نے سب سے پہلے مارچ میں ہونے والے ایک ’بلائنڈ آڈیشن‘ میں ججوں کو متاثر کیا تھا۔
وقت اشاعت

یورپی ملک اٹلی میں ایک مقابلۂ موسیقی میں شرکت کی وجہ سے انٹرنیٹ پر شہرت پانے والی نوجوان راہبہ اب اس مقابلے کی فاتح قرار پائی ہیں۔

25 سالہ کرسٹینا کا کہنا ہے کہ ان کے گانے ’خدا کی خوبصورتی‘ کا اظہار ہیں۔

راہباؤں کا مخصوص لباس پہنے اور گلے میں صلیب لٹکائے کرسٹینا سکوسیا نے اپنی فتح پر خدا کا شکر ادا کیا۔

’دی وائس اٹلی‘ نامی پروگرام کی فاتح قرار دیے کے بعد انہوں نے کہا،’میں یہاں اپنی بدولت نہیں ہوں، اس کے لیے میں اوپر والے کی شکرگزار ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں یہاں کوئی کیریئر شروع کرنے کے لیے نہیں آئی بلکہ میں ایک پیغام پھیلانا چاہتی ہوں۔‘

اس پروگرام کے دوران سسٹر کرسٹینا نے مقبول گلوکاروں کے ہمراہ بھی پرفارمنس دی
،تصویر کا کیپشناس پروگرام کے دوران سسٹر کرسٹینا نے مقبول گلوکاروں کے ہمراہ بھی پرفارمنس دی

انھوں نے مزید کہا کہ وہ پوپ فرانسس کی کیتھولک چرچ سے کی گئی اپیل پر عمل کر رہی ہیں جس میں عام لوگوں کے زیادہ قربت کے لیے کہا گیا تھا۔

جمعرات کو فائنل سے پہلے انہوں نے اپنی مقبولیت کا کریڈٹ، ’خوشی اور خوبصورت و خالص محبت کے پیغام کی چاہ کو دیا۔‘

میلان سے تعلق رکھنے والی سسٹر كرسٹینا نے کہا کہ وہ بخوشی واپس جا کر اپنے چھوٹے سےگرجاگھر میں بچوں کے ساتھ گانا چاہیں گی۔

کرسٹینا سکوسیا نے سب سے پہلے مارچ میں ہونے والے ایک آڈیشن میں ججوں کو متاثر کیا تھا۔

ججوں کو ان کے حیرت انگیز انتخاب کا پتہ لگنے پر انہوں نے کہا، ’میرے پاس ایک تحفہ ہے اور میں اسے بانٹ رہی ہوں۔‘

پروگرام کے آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ اٹلی کے علاوہ پوری دنیا میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا گیا تھا۔

کرسٹینا کی گلوکارہ ایلیشیا کیز کے گانے ’نو ون‘ کی اس پروگرام میں پیشکش کی ویڈیو یو ٹیوب پر پانچ کروڑ سے زیادہ مرتبہ دیکھی جا چکی ہے۔