ڈیمی مور کے سوئمنگ پول میں نوجوان مردہ پایا گیا

ایک پولیس اہلکار نے لاس اینجلیس ٹائمز کو بتایا کہ ان کا خیال ہے کہ یہ شخص اداکارہ کے عملے میں سے ایک تھا
،تصویر کا کیپشنایک پولیس اہلکار نے لاس اینجلیس ٹائمز کو بتایا کہ ان کا خیال ہے کہ یہ شخص اداکارہ کے عملے میں سے ایک تھا
وقت اشاعت

امریکی شہر لاس اینجلیس کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکی اداکارہ ڈیمی مور کے سوئمنگ پول میں ایک نوجوان مرد کی لاش ملی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 21 سالہ نوجوان مرد کی لاش ڈیمی مور کے مکان میں سبوئمنگ پول سے اتوار کی صبح ملی ہے۔

حکام کے مطابق 52 سالہ اداکارہ اور ان کا خاندان اس واقعے کے وقت مکان میں نہیں تھا۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ جس شخص کی لاش ملی ہے وہ ڈیمی مور کے خاندان کا فرد نہیں ہے۔

پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ایک پولیس اہلکار نے لاس اینجلیس ٹائمز کو بتایا کہ ان کا خیال ہے کہ یہ شخص اداکارہ کے عملے میں سے ایک تھا۔

لاس اینجلیس ٹائمز کے مطابق جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو طبی عملہ اس شخص کو جانبر کرنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن کچھ ہی دیر بعد اس کو مردہ قرار دے دیا گیا۔

اداکاروں کے بارے میں مشہور ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ڈیمی مور کے مکان پر پارٹی ہو رہی تھی اور ایسا لفتا ہے کہ یہ شخص سوئمنگ پول میں گرا اور اس کو تیرنا نہیں آتا تھا۔

ڈیمی مور نے یہ مکان اپنے سابق شوہر ایشٹن کوچر کے ساتھ خریدا تھا۔