یو اے ای فضائیہ کا طیارہ بھارتی تحویل میں

طیارہ (فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشن طیارہ ابو ظہبی سے چین جا رہا تھا
    • مصنف, سبیر بھومک
    • عہدہ, بی بی سی نیوز کلکتہ
  • وقت اشاعت

متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کے ایک مال بردار طیارے کو ہندوستان کے شہر کولکاتا میں سکیورٹی اہلکاروں نے تحویل میں لے لیا ہے۔ اس طیارے میں بھاری تعداد میں ہتھیار، گولا بارود اور دھماکہ خیز مادہ موجود تھا۔

اتوار کی رات یہ طیارہ ایندھن لینے کے لیے کولکاتا ہوائی اڈے پر اترا تھا لیکن جب کسٹم اہلکاروں نے پایا کہ اس کے کارگو میں بھاری مقدار میں ہتھیار اور دھماکہ خیز مادہ موجود ہے اور اسے ظاہر بھی نہیں کیا گیا ہے تو اس طیارے کو تحویل میں لے لیا گیا۔

کولکاتا میں وزارت دفاع کے ترجمان ونگ کمانڈر مہیشن اپاسنی نے بتایا کہ طیارے کو ضروری اجازت حاصل تھی لیکن اس میں یہ شامل نہیں تھا کہ اس میں اتنی بڑی تعداد میں ہتھیار جا رہے ہیں۔

یہ طیارہ ابو ظہبی سے چین کے ہانیانگ شہر جا رہا تھا۔

اس سلسلے میں عملے کے نو ارکان کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

عام طور پر چین دنیا کے کئی ممالک کو ہتھیار برآمد کرتا ہے لیکن ہندوستان کو اس بات کی تشویش ہے کہ اتنی بڑی تعداد ميں ہتھیار ابو ظہبی سے چین کیوں جا رہے ہیں جبکہ ابو ظہبی میں ہتھیار بنانے کی کوئی سہولیت بھی موجود نہيں ہے۔

سنہ 1995 میں مغبری بنگال کے ہی پرولیہ ضلع میں ایک روسی طیارہ ہتھیارگرا کر کولکاتا ہوائی اڈے پر اترا تھا اور پھر پھکٹ روانہ ہو گیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد سے کولکاتا ہوائی اڈے کے اہلکار کافی احتیاط برتے ہیں۔

اس طیارے کی واپسی کے دوران اسے زبردستی ممبئی میں اتارا گیا تھا اور اس کے عملے کو برطانوی آرمس ڈیلر کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا تھا۔

حالانکہ کے پرولیہ واقعہ کا ماسٹر مائنڈ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

اس برس جون میں امریکہ کی جانب سے کرایے پر لیے گئے یوکرین کے طیارے کو اس وقت ممبئی ہوائی اڈے پر تحویل میں لے لیا گیا تھا جب وہ افغانستان کے لیے ہتھیار لے جا رہا تھا۔ بعد میں امریکی سفارت کاروں کی مداخلت کے بعد اسے جانے دیا گیا تھا۔