’بھارتی پائلٹ نےغلطی سے بم گرا دیا‘

ہندوستان کی ریاست راجستھان کے سرحدی علاقے جیسلمیر میں بھارتی فضائیہ کے ایک پائلٹ کی غلطی سے ایک سو پونڈ کا بم گرنے سے علاقے میں دہشت پھیل گئی۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقع ایک فضائی مشق کے دوران جیسلمیر کے موہن نگر قصبہ سے بارہ کلو میٹر دور اندرا گاندھی نہر کے پاس پیش آیا۔
بم گرنے سے کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا تاہم آس پاس کے بہت سے درختوں کو نقصان پہنچا۔
راجستھان سرحد پر گزشتہ چند مہینوں میں یہ تیسرا واقعہ ہے جب بھارتی فضائیہ کی جانب سے بم گرانے کی شکایت ملی ہو۔ فضائیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
بھارتی فضائیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہ جنگی طیارہ مگ 200 مشق پر تھا اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق نشانہ خطا ہونے یا کسی خرابی کی وجہ سے ایسا ہوا ہے۔
اہلکاروں کا کہنا ہے کہ انہیں بم گرنے کی اطلاع محکمہ جنگلات کے اہلکاروں سے ملی جنہوں نے اس واقعے کے بارے میں فضائیہ سے شکایت کی تھی۔ اس حادثے کے بعد مقامی پولیس اور فضائیہ کے اہلکاروں نے جائے حادثہ کا معائنہ بھی کیا ہے۔ جیسلمیر کے سینئر پولیس اہلکار وشنو کانت کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی فضائیہ کا یہ طیارہ معمول کے مطابق اپنے سروے پر تھا۔ اس علاقے میں اس سے پہلے بھی ایسے دو حادثے ہو چکے ہیں اور ایک معاملے میں تو مقامی لوگوں نے تحریری طور پر اس کی شکایت درج کی تھی۔
جیسلمیر پاکستان سرحد سے متصل ضلع ہے جہاں اکثر وبیشتر جنگی جہاز مشقیں کرتے رہتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















