بجلی گھر کی چمنی گری، متعدد ہلاک

حادثے کا مقام
،تصویر کا کیپشنیہ چمنی بھارت المونیم کمپنی بالکو کے ایک بجلی پروجیکٹ کا حصہ تھی
وقت اشاعت

ہندوستان کی ریاست چھتیس گڑھ کے کوربا شہر میں زیر تعمیر ایک بجلی گھر کی چمنی گرنے سے کئی مزدوروں کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔

یہ چمنی بھارت المونیم کمپنی بالکو کے ایک بجلی پروجیکٹ کا حصہ تھی۔

جائے حادثہ پر موجود افراد کے مطابق اب تک چودہ لوگوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور تقریبا دس زخمی افراد کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔

وہاں پر موجود ایک مقامی صحافی گیند لال شکل کا کہنا ہے کہ ضلع مجسٹریٹ اشوک اگروال کے مطابق جب یہ حادثہ پیش آیا تو چمنی کے اوپر چالیس سے پچاس لوگ کام کر رہے تھے اور ملبے کے نیچے بہت سے افراد دبے ہوسکتے ہیں۔

بجلی گھر کی چمنی تقریبا دو سو پچھتر میٹر اونچی بننی تھی جبکہ گرنے کے وقت یہ دو سو بیس میٹر اونچی بن چکی تھی۔

ابھی پتا نہیں ہے کہ آخر اس کے گرنے کی وجوہات کیا ہیں لیکن جب یہ حادثہ پیش آیا تو بارش کے ساتھ آندھی بھی چل رہی تھی۔

بہت سے مزدور بارش اور آندھی سے بچنے کے لیے ایک کینٹین میں جمع تھے اور اطلاعات کے مطابق چمنی اسی کینٹین پر گری ہے