مہاراشٹر الیکشن ڈائری

وقت اشاعت

وڑا پاؤ لے لو ، دالیں لے لو

شیو سینا نے غریبوں کے لیے ' شیو وڑا پاؤ ' کی دکانیں کھول دی ہیں۔
،تصویر کا کیپشنشیو سینا نے غریبوں کے لیے ' شیو وڑا پاؤ ' کی دکانیں کھول دی ہیں۔

الیکشن آنے سے غریبوں کو فائدہ ضرور ہوتا ہے چاہے یہ وقتی ہی سہی۔ ممبئی میں علاقائی سیاسی جماعت شیو سینا نے غریبوں کے لیے ’شیو وڑا پاؤ‘ کی دکانیں کھل دی ہیں۔ اس سے چاہے ان کے اپنے ’ چند ‘ لوگوں کو ہی سہی کاروبار تو مل گیا۔ اب ایسے میں کانگریس کیسے چپ رہ سکتی تھی ووٹروں کو رجھانا لازمی ہے اس لیے موقع کا فائدہ اٹھا کر انہوں نے دالیں بیچنا شروع کر دیں۔ دالوں کا انتخب اس لیے کہ ارہر کی دال سو روپیہ کلو۔ غریب تو اب یہ بھی نہیں کہہ سکتا کہ دال کھا کر گزارا ہو رہا ہے۔ بس اس لیے حکومت نے راشن کارڈ پر دال کو پچپن روپیہ کلو بیچنے کا فیصلہ کر لیا۔ اب راشن کارڈ پر چینی دال اور کھانے کا تیل رعایتی داموں پر مل رہا ہے۔ دیکھا الیکشن نے پارٹیوں کو وڑا پاؤ اور دالیں بیچنے پر بھی مجبور کر دیا۔

جانشین کون؟

مہاراشٹر کے مراٹھا لیڈر اور مرکزی وزیر شردپوار نے دبے لفظوں میں سیاست سے کنارہ کشی ختیار کرنے کا اعلان کر ہی دیا۔ اب ہمدردی کے ساتھ ووٹ حاصل کرنے کی یہ ایک پالیسی ہے یا پھر کچھ اور لیکن اب ان کے جانشین کی تلاش شروع ہو گئی۔ پوار کے بھتیجے اجیت پوار یا پھر ان کی بیٹی سپریا سولے، کون ہو گا ان کا جانشین ؟ میڈیا کے سوال کرنے پر پوار نے ناراضگی ظاہر کر دی ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اس طرح کا تنازعہ پھیلانے میں ماہر ہے۔ اجیت ان کی بیٹی سپریا کو سیاست میں مدد کر رہے ہیں۔ ویسے جانشینی کا یہ معاملہ انتخابات کے بعد گرما سکتا ہے جیسے شیوسینا چیف بال ٹھاکرے نے جب سیاست میں منجھے ہوئے اپنے بھتیجے راج ٹھاکرے کے بجائے اپنے کم تجربہ کار بیٹے ادھو ٹھاکرے کو اپنا جانشین مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

منشور ' ہائی جیک '

مرکزی وزیر شردپوار نے دبے لفظوں میں سیاست سے کنارہکشی ختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
،تصویر کا کیپشنمرکزی وزیر شردپوار نے دبے لفظوں میں سیاست سے کنارہکشی ختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لوگ طیارہ یا انسان کو ہائی جیک کرتے ہیں لیکن کیا آپ نے وعدوں کو ہائی جیک ہوتے سنا ہے؟ کانگریس کا دعوی ہے کہ انہوں نے اپنے انتخابی منشور میں جن وعدوں کی فہرست بنائی تھی اسے شیوسینا، بی جے پی، بھگوا محاذ نے ’ہائی جیک‘ کر لیا اس لیے اب وہ اپنا انتخابی منشور از سر نو بنا رہے ہیں۔ ارے بھئی اس میں اتنا پریشان ہونے کی کیا ضرورت ہے جہاں تک ہمیں یا عوام کو معلوم ہے انتخابی منشور میں کیے گئے وعدے کبھی کوئی پارٹی پورا نہیں کرتی ہے تو پھر آپ چاند تارے توڑ کر لانے کا بھی وعدہ کر دیجئے کیا فرق پڑتا ہے!

' سپاری'

شیوسینا کے قائم مقام صدر ادھو ٹھاکرے نے منسے کے صدر اور اپنے چچازاد بھائی راج ٹھاکرے پر الزام عائد کر دیا کہ راج نے شیوسینا کو شکست دینے کے لیے کانگریس این سی پی متحدہ محاذ سے ’سپاری‘ لے لی ہے۔ اب تک ہم نے قتل کرنے کے لیے ’ سُپاری‘ دیےجانے کی بات سنی تھی اب پہلی مرتبہ سنا ہے کہ الیکشن میں کسی کو سیاسی طور پر ختم ' کرنے کی بھی سپاری لی جاتی ہے۔

غریبوں کے ہمدرد

انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہوتے ہی ہر امیدوار ٹکٹ کے لیے پارٹی دفتر اور سیاسی اعلی لیڈر ان کے دفتر کے چکر کاٹنے لگتے ہیں۔ ٹکٹ کے لیے آپس میں بڑا گھمسان ہوتا ہے۔ ہر لیڈر دعوی کرتا ہے کہ وہ عوام کا ہمدرد ہے اس نے اپنے حلقے میں عوام کے لیے بہت کام کیے ہیں۔ اب بیچارہ غریب حیران اور پریشان کہ اتنے بڑے بڑے امیر لوگ ان کی ہمدردی اور ان کی فلاح کے لیے اتنے بےچین ہیں کہ ایک دوسرے کے ساتھ لڑائی لڑ رہے ہیں، لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں روپیہ خرچ کر رہے ہیں لیکن بیچارہ پھریہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ جب غریبوں کے اتنے ہمدرد ہیں تو پھر آج بھی قطرہ قطرہ پانی کے لیے کیوں ترستا ہے اور اس کے گھر میں ان کے پڑھے لکھے بچے بے روزگار کیوں ہیں۔