ماؤ نوازوں کا حملہ، پولیس والے یرغمال

- مصنف, سبیر بھومک
- عہدہ, بی بی سی نیوز کلکتہ
- وقت اشاعت
بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں مسلحہ ماؤ نواز باغیوں نے ایک بینک اور پولیس سٹیشن بیکوقت حملہ کیا ہے جس میں ایک پولیس افسر ہلاک ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ماؤ نواز باغیوں نے پولیس سٹیشن کے دو پولیس والوں کو یرغمال بھی بنا لیا ہے۔
مغربی مدناپور ضلع کے اہلکاروں نے بتایا ہے کہ ماؤ نواز باغیوں نے پہلے ایک بینک پر حملہ کیا اور دن دہاڑے بینک لوٹ لیا۔ جیسے ہی بینک کے اہلکاروں نے پولیس سٹیشن کو ارجنٹ پیغام (ایس اؤ ایس) بھیجا ماؤ نواز باغیوں کے دوسرے گروپ نے پولیس سٹیشن پر حملہ کر دیا۔
ماؤنواز باغیوں نے نہ صرف دو پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنایا بلکہ پولیس سٹیشن سے کافی ہتھیار بھی لے گئے۔
ضلع کے اہلکاروں کے مطابق تقریبا پچاس ماؤ نواز باغی حملے میں شامل تھے اور ان میں سے بیشتر موٹرسائکل پر سوار تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق جن پولیس والوں کو یرغمال بنایا گیا تھا انہیں موٹر سائکل پر ماؤ نوازوں کے درمیان بیٹھا دیکھا گیا تھا۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب جنگل محل علاقے میں کئی گروپ ماؤ نواز مخالف سیاسی پلیٹ فارم تشکیل دینے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
ماؤ نواز باغیوں نے مغربی بنگال کے اس علاقے میں بائيں بازو کے اتحاد کے تقریبا چالیس حمایتیوں کو ہلاک کیا ہے۔ یہ علاقہ ریاست جھارکھنڈ کی سرحد پر ہے اور حالیہ دنوں ميں انہوں نے دیگر سیاسی جماعتوں کو اپنا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حکومت نے ماؤ نواز باغیوں کے کئی رکن کو گرفتار کیا ہے جس ميں ان کی ترجمانی کرنے والے اخبار ’ماؤتھ پیس‘ کے پبلیشر بھی شامل ہیں۔



















