’بھارت سےبہتر تعلقات چاہتے ہیں‘

وین اور منموہن
،تصویر کا کیپشنحال ہی دونوں ممالک کے درمیان حالات اس وقت کشیدہ ہو گئے تھے جب ارونا چل پردیش کے مسئلے پر بھارت نے سخت رخ اختیار لیا تھا
وقت اشاعت

بھارت اور چین کے درمیان حال ہی میں میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے درمیان دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی تھائی لینڈ میں آسیان ممالک کے اجلاس ميں ملاقات ہوئی ہے۔

ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ نیشنز یعنی جنوب مشرقی ممالک کی تنظیم آسیان کی جانب سے منعقد اجلاس کے دوران بھارت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ اور چین کے وزیر اعظم وین جیاباؤ نے ملاقات کے دوران کئی باہمی، علاقائی اور بیرونی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات سے قبل چین کے وزیر اعظم جیاباؤ نے کہا ’ہم بھارت کے ساتھ مثبت اور مستحکم تعلقات کے خواہشمند ہیں‘۔

خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق بھارت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے چین کے رہنماؤں کو چین کے انقلاب کے ساٹھ برس مکمل ہونے پر مبارک باد بھی دی۔

حال ہی میں دونوں ممالک کے درمیان حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے تھے جب ارونا چل پردیش کے مسئلے پر بھارت نے سخت رخ اختیار کرتے ہوئے کہا تھا ’ارونا چل پردیش بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے‘ اور بھارت نے چین سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر ميں اپنے منصوبے بند کرنے کی بھی بات کہی تھی۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات سے قبل بھارت کی خارجہ سیکرٹری نروپما راؤ نے کہا تھا کہ دونوں رہنما اس ملاقات میں باہمی مسائل پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ حالیہ برسوں میں کئی شعبوں ميں کافی ترقی کے باوجود دونوں ممالک کے تعلقات کافی کشیدہ ہیں۔