جالندھر: چار فوجی دھماکے میں ہلاک

بھارتی فوج کی ایک فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنہلاکتیں گاڑی کی بیٹری چارج کرتے وقت دھماکے کی وجہ سے ہوئی ہیں
وقت اشاعت

ہندوستان کی ریاست پنجاب کے شہر جالندھر میں منگل کی رات کنٹونمنٹ علاقے میں ایک دھماکے میں فوج کے چار جوان ہلاک ہوگئے ہیں۔

دھماکے میں حولدار ٹی برہما، جوانوں کی رہنمائی کرنے والے للت کمار، جے ٹوپو اور ڈرائیور جے ایس راؤ کی موت ہوگئی ہے۔

فوج نے ان اموات کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کار کی بیٹری کو چارج کرتے وقت دھماکہ ہوگیا۔.

فوج کے ذرائع کے مطابق بیٹری کے دھماکے سے نکلی آگ نے گاڑی کو اپنے لپیٹ میں لے لیا تھا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے افسر کپتان نریشن نے بھی واقعہ کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ دھماکے اور آگ کی وجہ سے یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

فوج نے معاملے کی تفتیش کے احکامات دے دیے ہیں اور اعلی پولیس اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔

فوج کے اہلکاروں نے اس بات سے انکار نہیں کیا ہے کہ دھماکے کے پیچھے کسی تخریب کار کا ہاتھ ہوسکتا ہے حالانکہ ان کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش کیے بغیر کچھ بھی کہنا جلد بازی ہوگی۔

ٹی وی چینل کے عملے کو جائے وقوع پر جانے سے روک دیا گیا ہے اور بڑی تعداد میں آگ بجھانے والی گاڑیوں کو جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔