کرکرے جیکٹ، آٹھ پولیس افسران کو نوٹس

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
- وقت اشاعت
مہاراشٹر ریاستی وزارت داخلہ نے مقتول جوائنٹ پولیس کمشنر ہیمنت کرکرے کی بلیٹ پروف جیکٹ سے متعلق فائل کی گمشدگی پر آٹھ پولیس اہلکاروں کو نوٹس بھیجا ہے۔ انہیں دو دنوں کے اندر جواب دینے کے لیے کہا گیا ہے۔
ان آٹھ پولیس اہلکاروں میں سے پانچ اس وقت آن ڈیوٹی ہیں جبکہ تین سبکدوش ہو چکے ہیں۔ اس میں اس وقت کے پولیس کمشنر ڈی این جادھو شامل ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ وہ جیکٹ انہیں کے دور میں خریدے گئے تھے۔ کرکرے کی موت کے ایک سماجی کارکن سنتوش ڈاؤنڈکر نے معلومات سے متعلق قانونی حق کا استعمال کیا تب پتہ چلا کہ کرکرے کی جیکٹ غائب ہے اور یہ کہ وہ جیکٹ ناقص کوالٹی کی تھی۔
ڈاؤنڈکر نے عدالت میں مفاد عامہ کی عرضداشت داخل کی ہے جس میں انہوں نے اس جیکٹ کی گمشدگی کے مبینہ ذمہ داران کو بے نقاب کیے جانے کی درخواست کی ہے۔
عدالت میں عرضی گزار کے وکیل وائی پی سنگھ نے جرح کی تھی اور کہا تھا کہ کرکرے نے جو جیکٹ پہنا تھا وہ ناقص کوالٹی کا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کے بعد سے جیکٹ کی خریداری سے متعلق فائل کھو گئی تھی۔ چند دنوں بعد ملی تھی لیکن مبینہ طور پر اس میں سے چند صفحات غائب تھے۔
شہر کی دو مختلف عدالتوں میں کرکرے کی جیکٹ سے متعلق مقدمات داخل کیے گئے ہیں۔ شہر کی مجگاؤں عدالت نے پولیس کو جیکٹ کی گمشدگی کے خلاف ایف آر آر درج کرنے کے ساتھ ہی عدالت میں جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
عدالت کے حکم کے چند دنوں بعد ہی جے جے ہسپتال جہاں کرکرے کی لاش کا پوسٹ مارٹم ہوا تھا وہاں کے ایک خاکروب دنیش لال جی گٹار نے میڈیا میں بیان دیا کہ اس کرکرے کی جیکٹ کو بائیو میڈیکل کچرے کے ساتھ پھینک دیا تھا۔ صفائی ملازم کچھ دنوں بعد اپنے ہی بیان سے مکر بھی گیا۔
خاکروب کے اس بیان پر کرکرے کی بیوہ کویتا نے یقین نہیں کیا ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ بنا بنایا کھیل لگتا ہے کیونکہ اگر صفائی ملازم نے جیکٹ کو پھینک دیا تھا تو وہ عدالت میں کیس داخل کرنے تک چپ کیوں رہا؟
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گزشتہ برس چھبیس نومبر کی رات ممبئی پر ہوئے حملوں میں انسداد دہشت گردی عملہ کے سربراہ جوائنٹ پولیس کمشنر ہیمنت کرکرے کی موت واقع ہوئی تھی۔ وہ حملہ آوروں کی مبینہ گولیوں کا شکار ہو گئے تھے۔ ان کی موت شروع سے ہی تنازعات کا شکار رہی ہے۔ اس وقت کے مرکزی اقلیتی امور کے وزیر اور ایک سبکدوش انسپکٹر جنرل آف پولیس نے ان کی موت پر سوالیہ نشان لگائے۔ پھر ان کی بلیٹ پروف جیکٹ کی گمشدگی اور ناقص کوالٹی پر سوال اُٹھے اور اب فائل کی گمشدگی ایک راز بن گئی ہے۔ عدالت میں ان دونوں ہی معاملات پر داخل کردی کیس کی وجہ سے حکومت پر بھی کافی دباؤ بنا ہوا ہے۔



















