امر سنگھ سماج وادی پارٹی سے مستعفی

سماج وادی پارٹی کے معروف رہنما امر سنگھ نے پارٹی جنرل سیکرٹری اور دیگر عہدوں سے استعفی دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ صحت کی خرابی کی وجہ سے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہو رہے ہیں۔
خبر رساں نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق امر سنگھ نے کہا ہے ’میں نے پارٹی کے تینوں عہدوں سے استعفی دے دیا ہے اور میں نے اپنا استعفی ملائم سنگھ یادو کو فیکس کردیا ہے۔‘
ادھر اطلاعات کے مطابق ملائم سنگھ یادو نے امر سنگھ کے استعفی کو پارٹی کا اندرونی معاملہ بتایا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر ان سے بات چیت کریں گے۔
میڈیا میں اس طرح کی خبریں نشر کی جارہی ہیں کہ امر سنگھ نے ملائم سنگھ یادو سے اختلافات کے سبب پارٹی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیکن ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے بات چیت میں انہوں نے نے کہا ’یہ سب خبریں غلط ہیں اور میں نے اپنی صحت کو مد نظر رکھ کر استعفی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
حال ہی میں ریاست اترپردیش میں فیروزآباد پارلیمانی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں سماج وادی پارٹی کو شکست ہوئی تھی۔ اس انتخاب میں ملائم سنگھ یادو کی بہو پونم یادو کا مقابلہ فلم اداکار ار کانگریس کے رکن راج ببر سے تھا۔
انتخابات میں شکست کے بعد ہی امر سنگھ نے اپنے رہنما ملائم سنگھ پر یہ کہتے ہوئے نکتہ چینی کی تھی کہ ہار کی وجہ ملائم سنگھ کا ضرورت سے زیادہ پُر اعتماد ہونا تھا۔
اطلاعات کے مطابق سماج وادی پارٹی میں ملائم سنگھ یادو کے بیٹے اکھلیش یادو کا اثر و رسوخ بڑھ رہا ہے اور ان سے بھی امر سنگھ کے اختلافات سامنے آنے لگے تھے۔















