فرضی مقابلوں کے الزام میں گرفتاریاں

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
- وقت اشاعت
ممبئی پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم نے فرضی پولیس مقابلوں کے معاملہ میں جمعرات کو رات گئے تین افراد کوگرفتار کیا ہے جن میں ایک سابق پولیس انسپکٹر پردیپ شرما بھی شامل ہیں۔
شرما پولیس کے شارپ شوٹر ہیں جنہوں نے سو سے زائد مقابلوں میں حصہ لیا ہے۔
انہیں اگست دو ہزار آٹھ میں انڈر ورلڈ کے ساتھ روابط کے الزام کے تحت ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا۔
پردیپ شرما اور ان کی ٹیم پر الزام تھا کہ انہوں نے گیارہ نومبر دو ہزار چھ کو ممبئی کے اندھیری علاقے میں ایک مبینہ مجرم رام نارائن گپتا عرف لکھن بھیا کو فرضی مقابلے میں ہلاک کر دیا تھا۔ پولیس نے کہا تھا کہ لکھن بھیا چھوٹا راجن گینگ کا ممبر تھا۔ انسپکٹر پردیپ شرما اس وقت ڈی این نگر پولیس سٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر تھے اور سات پولیس ممبران کی ٹیم نے اس مقابلے میں حصہ لیا تھا۔
لکھن بھیا کےگھر والوں کا الزام تھا کہ پولیس نے فرضی مقابلے میں لکھن کو ہلاک کیا ہے کیونکہ پولیس نے انہیں ممبئی کے نواحی علاقے واشی سے پکڑا تھا اور پھر پولیس مقابلے کا ڈرامہ رچا گيا۔ لکھن کے بھائی رام پرساد گپتا نے جو پیشے سے وکیل بھی ہیں، واشی سے اپنے بھائی کی گرفتاری کے فورا بعد اس وقت کے پولیس کمشنر اے این رائے کو فوری طور پر ٹیلی گرام کے ذریعہ مطلع کیا تھا۔
مقابلے کے بعد ایڈوکیٹ گپتا نے پولیس میں رپورٹ درج کرانے کی کوشش کی لیکن جب وہ اس میں ناکام ہوئے تو انہوں نے ممبئی ہائی کورٹ میں اسے چیلنج کر دیا۔ ہائیکورٹ نے اندھیری مجسٹریٹ آر اے شیخ سے اس معاملہ کی تحقیقات کرائی جس پر مجسٹریٹ نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ فورینزک جانچ اور واقعات و شواہد کی روشنی میں یہ فرضی مقابلہ لگتا ہے۔
عدالت نے ڈپٹی پولیس کمشنر کے ایم پرسنا کو اس مععاملہ کی تحقیقات کا ذمہ سونپا اور پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی۔ ڈی سی پی پرسنا نے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی اور سات پولیس افسران سمیت نئی ممبئی کے ایک بلڈر کے نام ایف آئی آر میں شامل کیے گئے۔ مڈبھیڑ کرنے والی ٹیم میں شامل پولیس افسران کے بیانات ریکارڈ کرنے شروع کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی خصوصی ٹیم نے جونئیر پولیس اہلکاروں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد ہی پردیپ شرما کو گرفتار کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ممبئی پولیس پر فرضی مقابلوں کے الزامات پہلے سے لگتے رہے ہیں لیکن کسی پولیس افسر کی گرفتاری پہلی مرتبہ ہوئی ہے۔ اس سے قبل سابق مافیا سرغنہ ارون گاؤلی گینگ کے شارپ شوٹر سدا پاؤلے کو ہلاک کرنے پر مقتول پولیس انسپکٹر وجے سالسکر کےخلاف ممبئی کے سیشن کورٹ میں مقدمہ بھی چلا تھا۔
جسٹس اگیار نے اپنے فیصلہ میں اس پولیس مقابلے کو مشتبہ قرار دیا تھا لیکن حکومت نے اسے ممبئی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا اور سالسکر کو فرضی مڈبھیڑ کے الزام سے بری کر دیا گیا تھا۔



















