کشمیر: پانچ شدت پسند اور تین فوجی ہلاک

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں فوجی حکام کے مطابق لائن آف کنٹرول پر شدت پسندوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں پانچ شدت پسندو اور تین بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
فوجی ذرائع کے مطابق شدت پسندوں کے ساتھ یہ جھڑپ اتوار کو اس وقت شروع ہوئی تھی جب مبینہ شدت پسند پاکستان کی طرف سے لائن آف کنٹرول عبور کر کے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
بھارت کی فوج اس کو ایک شدت نوعیت کی جھڑپ قرار دے رہی ہے جس میں اس کے تین فوجی بھی ہلاک ہو گئے۔
سری نگر میں بھارتی فوج کے ایک ترجمان لیفٹینٹ کرنل جے ایس برار کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر نواں گاؤں سیکٹر میں فوج نے اتوار کی سہ پہر کو شدت پسندوں کو بھارتی علاقے میں گھسنے کی کوشش کرتے ہوئے روکا جس کے بعد شدت پسندوں سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
فوج کے ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ سلسلہ پیر کی رات تک جاری رہا۔
بھارتی فوج کا دعویٰ ہے کہ وہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشیمر میں تربیت پانے والے بہت سے شدت پسندوں کو بھارتی علاقے میں داخل ہونے سے روک چکی ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ سیکنڑوں کی تعداد میں شدت پسند پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں اس انتظار میں بیٹھے ہیں کہ کب انھیں بھارت میں داخل ہونے کا موقع ملتا ہے۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران کئی شدت پسند بھارتی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ تاہم اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ کتنے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
حالیہ برسوں میں بھارت کے زیرِانتظام کشمیر میں شدت پسندوں کی کارروائیوں میں واضح کمی آئی ہے اور اس کا اعتراف بھارتی حکومت کی طرف سے بھی کیا جاتا رہا ہے۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ اس کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے میں پانچ سو کے قریب شدت پسند اب بھی متحرک ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں کئی لاکھ فوج اور سکیورٹی فورسز تعینات ہیں۔ فوج اس علاقے میں اس کو سپیشل پاؤرز ایکٹ کے تحت حاصل خصوصی اختیارات واپس کرنے کی بھی مخالف ہے۔ ان قوانین کے تحت کس بھی زیادتی یا انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر سکیورٹی فورسز کے خلاف کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں کی جا سکتی۔
اس سال اپریل میں فوج نے مبینہ طور پر تین شہریوں کو ایک سرحدی گاؤں ندیہال سے اغواء کرکے انھیں درانداز قرار دے کر ہلاک کر دیا۔ فوج نے دعوی کیا کہ ان کے پاس سے پاکستانی کرنسی نوٹ اور اسلح برآمد ہوا تھا۔



















