دھونی کی سگائی

مہندر سنگھ دھونی
،تصویر کا کیپشندھونی اپنی منگیتر سے جلد ہی شادی کریں گے
وقت اشاعت

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی سگائی ان کی بچپن کی دوست ساکشی راوت کے ساتھ ہوئی ہے اور دونوں جلد ہی شادی کریں گے۔

مہندر سنگھ دھونی کے نزدیکی رشتہ داروں نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق سگائی کی پارٹی میں دھونی کے ساتھی کرکٹر آر پی سنگھ، ہر بھجن سنگھ، اور آشیش نہر بھی شریک تھے۔

ریاست اترآنچل کے دارالحکومت دہرہ دون سے تقربیاً تیس کلو میٹر کے فاصلے پر بھگیرتھی ریزورٹ کے مقام پر منگنی کی رسم ادا کی گئی۔ اس میں خاص لوگوں کو ہی دعوت دی گئی تھی اور یہ سب کچھ بڑے خفیہ انداز میں کیا گیا۔

سمکشا روات کی ایک قریبی رشتے دارنے منگنی کی رسم کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’ان کے پورے خاندان اور ہمارے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔‘

اطلاعات کے مطابق سمکشا راوت مہندر سنگھ دھونی کی بچپن کی دوست ہیں اور دونوں نے رانچی کے سکول میں ایک ساتھ ہی پڑھائی کی تھی۔

لیکن بعض بھارتی اخبارات کے مطابق دونوں ایک دوسرے کو گزشتہ چند برس سے جانتے تھے اور جب دوستی گہری ہوگئی تو دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے والد اترآنچل میں الموڑا کے رہنے والے ہیں لیکن ان کی ملازمت ریاست جھارکھنڈ میں تھی اس لیے وہ رانچی میں رہتے تھے۔

دھونی نے وہیں تعلیم حاصل کی اور وہیں سے کرکٹ کھیلتے تھے۔ سمکشا کا تعلق بھی اترآنچل سے ہے اور وہ بھی رانچی میں تھیں۔