اجمیر درگاہ کے نام پر دھاندلی

- مصنف, نارائن باریٹھ
- عہدہ, بی بی سی ، جے پور
- وقت اشاعت
بھارت کے شہر اجمیر میں واقع خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ کے نام پر پاکستان میں ایک ٹرسٹ بنانے اور چندا اکٹھا کرنے کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔
درگاہ کے منتظمین نے پاکستان میں غریب نواز کے نام سے ٹرسٹ بنانے اور پیسہ جمع کرنے پر سخت تنقید کی ہے اور اس سے متعلق ٹرسٹ کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
درگاہ کے منتظم احمد راجہ نے بی بی سی کو بتایا کہ انہیں یہ معلومات حاصل ہوئی ہیں کہ پاکستان کے کراچی شہر میں خواجہ غریب نواز ویلفئیر ٹرسٹ' بنائی گئی ہے۔ یہ ٹرسٹ عطیے کی رقم کے لیے لوگوں کو کراچی کی ایک بینک کے کھاتے کا نمبر دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ انہیں اس طرح سے چندا جمع کرنا کے کوئی حق نہیں ہے۔ ’ہم پاکستانی سفیر کو خط لکھ کر اس ٹرسٹ کا پتہ حاصل کر رہے ہیں۔ ہم ان کے خلاف کاروائی کریں گے‘۔
درگاہ کے خادموں کی تنظيم کے ایک ممبر سرور چشتی کا کہنا ہے کہ ہمیں اعتراض اس بات پر ہے کہ یہ ٹرسٹ لنگر کے نام پر چندا لے رہا ہے جس کا انہیں کوئی حق نہیں ہے'۔
سرور چشتی کا کہنا ہے کہ غریب نواز کے نام پر بہت سے ٹرسٹ بنے ہیں جو بھارت اور بھارت کے باہر کام کر رہے ہیں۔















