علاج میں لاپرواہی پر ڈاکٹر معطل

بھارت کی ریاست راجستھان میں گوشتہ ماہ اٹھارہ حاملہ عورتوں کی موت کے سلسلے میں تین سینیئر ڈاکٹروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹروں پر دواؤں کی خرید و فروخت میں بے احتیاطی اور بے ضابطگیاں برتنے کا الزام عائد کیا گيا ہے۔
جودھ پور شہر کے دو ہسپتالوں میں ان خواتین کو آلودہ ’انٹر وینس‘ دیا گيا تھا جس کے بعد ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹ سے اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ مقامی کمپنی جو دوائیاں مہیا کی تھیں وہ درست نہیں تھیں۔
حکام کے مطابق خواتین شدید ہیمرج کا شکار ہو کر ہلاک ہوئی تھیں اور اس کی وجہ خراب فلوئیڈز لگائے جانے کے بعد ہونے والا انفیکشن تھا۔
لیبارٹری کے تجزیے سے پتہ چلا تھا کہ گلوکوز کے تین بیچ خراب تھے۔ اس کے خلاف پولیس میں شکایات درج کی گئی تھی۔ حکام نے ادویات تیار کرنے والی کمپنی کے خلاف سخت کارروائی کی بات بھی کہی تھی۔
خیال رہے کہ بھارت میں حاملہ خواتین کی ہلاکتوں کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور ہر سال حمل کے دوران پیچیدگیوں کی وجہ سے دسیوں ہزاروں خواتین ہلاک ہو جاتی ہیں۔















