’اہم مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اظہار‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور ان کے بھارتی ہم منصب ڈاکٹر منموہن سنگھ نے دونوں ملکوں کے درمیان تمام تصفیہ طلب معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور ان کے بھارتی ہم منصب کے درمیان بدھ کی شام کو موہالی میں پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم میں وزیراعظم منموہن سنگھ کی جانب سے وزیراعظم گیلانی کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ پر ملاقات ہوئی۔
بدھ کو دونوں رہنماوں نے بھارت کے شہر موہالی میں عالمی کرکٹ کپ کا پاک بھارت سیمی فائنل میچ اکٹھے دیکھنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس ملاقات کو مثبت قرار دیا۔
<link type="page"><caption> آئیے مل کر کرکٹ دیکھتے ہیں، زرداری، گیلانی کو دعوت</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/india/2011/03/110324_cricket_diplomacy_rza.shtml" platform="highweb"/></link>
اس موقع پر وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ سے ملاقات کے دوران انہوں نےتمام اہم مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے تلاش کرنے پر زور دیا ہے اور اس دوران دونوں رہنماوں نے اسی جذبے کو جاری رکھنے پر رضا مندی ظاہر کی جو بھوٹان کے دارالحکومت تھمپو میں گزشتہ سال پاک بھارت مذاکرات کے دوران سامنے آیا تھا۔
وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ یہی وہ جذبہ تھا جس کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان رواں ماہ کی اٹھائیس اور انتیس تاریخ کو ہونے والے سیکرٹری داخلہ سطح کے مذاکرات کامیاب ہوئے۔
وزیراعظم گیلانی کے مطابق وہ امید کرتے ہیں کہ معاشی اور خارجی معاملات پر آئندہ ہونے والے مذاکرات بھی اسی طرح کامیاب ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ’ دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے اور دنیا کو ایک مثبت پیغام دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اپنے مشترکہ دشمن سے لڑنے پر توجہ دینا ہو گی جس میں مہنگائی، بھوک، غربت، بے روزگاری اور بیماریوں جیسے مسائل کو دونوں ملکوں کی ترقی کے لیے مل کر حل کرنا ہو گا۔‘
وزیراعظم گیلانی نے اس موقع پر اپنے بھارتی ہم منصب ڈاکٹر منموہن سنگھ اور انڈین نیشنل کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ہے۔
بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے پاکستانی قیادت کی جانب سے موہالی میں میچ دیکھنے کے ان کے دعوت نامے کو قبول کرنے پر وزیراعظم گیلانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ جیسا زبردست کھیل دونوں ملکوں کے وزراء اعظم کو قریب لانے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔
انہوں نے اس ملاقات کو ایک بہت اچھا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کو مسائل کا حل مل کر تلاش کرنا ہو گا۔
بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ ’میں نے اور وزیراعظم گیلانی نے اہم مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا’یہ ہمارا وعدہ ہے کہ ہم دونوں ملکوں کی عوام کو امن دیں اور موہالی سے یہی پیغام ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ملک امن چاہتے ہیں۔‘
پاک بھارت سیمی فائنل پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے تاہم ’یہ میچ دراصل دونوں ملکوں کی جیت ہے۔‘
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیراعظم گیلانی نے سیمی فائنل میں معیاری کھیل پیش کرنے اور سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کو مبارکباد دی ہے۔



















