بیٹی کا ریپ، فرانسیسی سفارتکار گرفتار

،تصویر کا ذریعہPTI
بھارت کے جنوبی شہر بنگلور میں پولیس نے اپنی تین برس کی بیٹی کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کے الزام میں فرانس کے ایک سفارتکار کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس نے وزارت داخلہ کی اس وضاحت کے بعد فرانسیسی شہری پاسکل مزوریئر کو گرفتار کیا ہے کہ انہیں سفارتی استثنی حاصل نہیں ہے۔
پولیس نے مسٹر مزوریئر کے خلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کر کے انہیں بنگلور کی ایک عدالت میں پیش کیا۔
پاسکل مزوریئر کے خلاف ان کی بھارتی نژاد بیوی سوجا جانز نے چودہ جون کو شکایت درج کی تھی۔ سوجا کا تعلق ریاست کیرالا سے ہے۔
بنگلور پولیس کے ایک سینیئر اہلکار سنیل نے بی بی سی کو بتایا ’ ہم نے بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے اجازت کے بعد مزوریئر کو گرفتار کیا۔ ہمیں بتایا گيا کہ انہیں سفارتی استثنی حاصل نہیں ہے۔‘
اطلاعات کے مطابق دلی میں فرانس کے سفارت خانے کے حکام نے کہا ہے کہ بنگلور میں اس کے قونصلیٹ میں کام کرنے والے اس اہلکار کے پاس سفارتی پاسپورٹ نہیں ہے اس لیے اس معاملے میں ان کے خلاف بھارتی قانون کے مطابق کارروائی ہوگي۔
اس سے پہلے مزرویئر کی بیوی نے وزیر اعظم اور وزیرداخلہ ک ایک خط لکھ کر اپنے شوہر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
حکومت کے نام تحریر کردہ ایک خط میں محترمہ سوجا نے لکھا تھا کہ ان کے شوہر نے تقریباً چار برس کی اپنی بیٹی کو کئی بار جنسی ہوس کا نشانہ بنایا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بنگلور میں اس واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا تھا اور ملزم کی گرفتاری کے لیے بعض خواتین تنظیموں نے بھی دھرنا دیا تھا۔



















