کوکاکولا کی بھارت میں سرمایہ کاری

بھارت میں کوک کمپنی کی مشروبات کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے
،تصویر کا کیپشنبھارت میں کوک کمپنی کی مشروبات کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے
وقت اشاعت

مشروبات کی معروف کمپنی کوکاکولا کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی مارکیٹ میں اپنے حصہ کو بڑھانے کے لیے پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

یہ سرمایہ کاری اگلے آٹھ برس کے دوران کی جائےگی۔ پہلے کپمنی نے تین ارب کی سرمایہ کاری کا کہا تھا جسے اب پانچ ارب کر دیا گيا ہے۔

کوکا کولا کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو مہتار کینٹ کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی اپنی حریف کمپنیوں سے آگے رہنے اور ترقی کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا ’ہم نے یہاں سرمایہ کاری میں اضافہ کیا ہے کیونکہ ہمارے خیال سے یہاں دوسروں سے آگے نکلنے کے مواقعے ہیں۔‘

بھارت میں صارفین کی تعددا بہت تیزی بڑھ رہی ہے اور کمپنی کی مشربات کی فروخت میں مستقل اضافہ ہوتا رہا ہے۔ لیکن بھارت میں کوکا کولا اپنی مدمقابل کمپنی پیپسی کولا سے اب بھی پیچھے ہے۔

مختلف اعداد و شمار کے مطابق مشروبات کی بھارتی مارکیٹ میں کوکا کولا کا نو فیصدجبکہ پیپسی کی حصہ داری پندرہ فیصد تک ہے۔

لیکن اگر عالمی سطح پر مجموعی موازنہ کیا جائے تو کوکا کولا کی شراکت پیپسپی سے زیادہ ہے۔ مجموعی طور پر کوکا کولا کی شراکت اٹھاون فیصد جبکہ پیپسی کی اڑتیس فیصد ہی ہے۔

کہا جاتا ہے کہ بھارت میں کوکا کولا کی مقبولیت کی اہم وجہ اس کی دو مشروبات سپرائٹ اور تھمس اپ ہیں جو دوسرں کے مقابلے میں زیادہ پسند کی جاتی ہیں۔