بھارت میں ایس ایم ایس سے ٹرین کی بکنگ

بھارت میں ریل ٹکٹ کے لیے اب آپ کو لمبی قطار میں لگنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اب موبائل فون سے صرف ایک ایس ایم ایس بھیج کر ٹکٹ بُک کروایا جا سکتا ہے۔
بھارت میں موبائل فون کے بڑھتے رواج کو دیکھتے ہوئے بھارتی ریلوے کیٹرنگ اور سیاحت کارپوریشن یعنی (آئی آر سی ٹی سی) نے ٹکٹ ایس ایم ایس کے ذریعے بک کروانے کا منصوبہ متعارف کروایا ہے۔یکم جولائی سے یہ منصوبہ نافذ العمل ہو گا۔
آئی آر سی ٹی سی کے ایک سینیئر افسر نے بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئي سے کہا کہ یہ اقدام ماحول دوست بھی ہے کیونکہ اس میں کاغذ کی بچت کی جا سکے گی۔
موبائل کے ایک خاص نمبر پر ایس ایم ایس بھیج کر بکنگ کروائی جا سکتی ہے۔ اس نمبر کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
سفر کے دوران ٹکٹ کی دستاویز ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہے اور بکنگ سینٹر کے جوابی پیغام کو ہی سفر کے لیے قابل قبول سمجھا جائے گا۔
موبائل سے ریل ٹکٹ بک کرانے کے لیے اپنے موبائل نمبر اور بینک اکاؤنٹ کو آئی آر سی ٹی سی میں رجسٹرڈ کروانا ہوگا۔

ریلویز کے اہلکار نے کہا کہ ایس ایم ایس بکنگ کا عمل انتہائی آسان ہے اور مسافر کو ایس ایم ایس باکس میں اپنے سفر کی تفصیلات لکھ کر بھیجنی ہوگی۔
اس کے بعد ایس ایم ایس بھیجنے والے کو ایک ٹرانزیكشن شناخت ملے گی جس کے بعد اسے مزید ایک ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا جس میں اسے ایم ایم آئي ڈی اور پاس ورڈ فراہم کرانا ہوگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ٹکٹ بکنگ کی یہ سہولت تمام موبائل سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے دستیاب ہوگی اور ہر ایس ایم ایس کے لیے تین روپے لیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 5000 روپے تک کی ٹکٹ کے لیے پانچ روپے اور اس سے زیادہ رقم کے لیے دس روپے گیٹ وے پیمنٹ کے طور پر ادا کرنا ہوں گے۔



















