بھارت: آفت زدہ افراد کے لیے گوگل پرسن فائنڈر

انٹرنیٹ کمپنی گوگل نے کہا ہے کہ اس نے بھارت کی شمالی ریاست اتراکھنڈ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لاپتہ افراد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک ایپلیکیشن جاری کی ہے۔
اس ایپلیکیشن کا نام ہے ’پرسن فائنڈر‘ یا افراد کی تلاش ہے۔ اس کی مدد سے جہاں لوگ اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کی گمشدگی کی معلومات دے سکتے وہیں انھیں تلاش بھی کر سکتے ہیں۔
گوگل مصنوعات کے سینئر مینیجر جینت میسور نے بتایا ’اتراکھنڈ سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا ہے چونکہ ریاست کے زیادہ تر علاقوں تک رسائی انتہائی مشکل ہے، اس لیے گوگل ایسے آفت زدہ علاقوں کے لیے پرسن فائنڈر ایپلیکیشن لے کر آیا ہے۔‘
گوگل کی اس ایپلیکیشن نے 2011 میں جاپان میں آئی سونامی کے دوران لوگوں کو تلاش کرنے میں کافی مدد کی تھی۔
یاد رہے کہ اب تک اس قدرتی آفت میں 500 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک اندازے کے مطابق ریاست کے مختلف مشکل گزار علاقوں میں اب بھی 50،000 سے زیادہ لوگ بے یارو مددگار پھنسے ہوئے ہیں۔

البتہ حکومت نے متاثرین کی امداد اور ان کے رشتہ داروں کے لیے معلومات فراہم کرنے کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے ہیں تاہم گوگل کی یہ سروس سرکاری انتظامات کے علاوہ ہیں۔
اس ایپلیکیشن کے ٹولز ہندی اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہیں۔
گوگل پرسن فائنڈر پر بھیجے گئے اعداد و شمار کو کوئی بھی انٹرنیٹ کے ذریعے دیکھ سکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کوئی بھی شخص تلاش کے باکس میں جا کر اپنے جاننے والے یا رشتہ دار کا نام لکھ کر اسے تلاش سکتا ہے۔
اس ٹول کے ذریعہ متعلقہ شخص کا نام، اس کے خط و خال، گھر کا پتہ اور اس کی موجودہ حالت کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہے۔
اگر کسی کو ان کا واقف یا رشتے دار نہ مل رہا ہو تو وہ اس کی گمشدگی کی خبر پرسن فائنڈر پر پوسٹ بھی کر سکتا ہے۔
یہ ٹول پریس ایجنسیوں، غیرسرکاری تنظیموں اور دیگر لوگوں کو بھی اپنا ڈیٹا بیس شیئر کرنے کا اختیار دیتا ہے۔



















