ایران پر کسی بھی نئے حملے سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی، ترک وزیرِ خارجہ
ترکی کے وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے استنبول میں آر فور ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر کہا ہے کہ ایران پر کسی بھی نئے حملے سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو گا اور تنازع مزید پھیل سکتا ہے۔
انھوں نے زور دیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع کے خاتمے کا واحد راستہ ’سفارت کاری اور بات چیت‘ ہے۔ حاقان فیدان کے مطابق اجلاس میں شریک کسی بھی ملک نے فوجی مداخلت یا ایران پر ایک اور حملے کی حمایت نہیں کی۔
دوسری جانب جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے تہران کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
ترکی کے وزیرِ خارجہ آج استنبول میں مصر، پاکستان، سعودی عرب، جرمنی، فرانس، برطانیہ اور اٹلی کے اپنے ہم منصبوں کی میزبانی کر رہے ہیں۔
پاکستان وزارتِ خارجہ کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بھی آج استنبول میں ترکی، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی، جس میں فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ بھی شریک تھے۔
اجلاس میں خلیجی خطے کی تازہ صورتحال، اس کے سماجی و معاشی اثرات اور امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق علاقائی چیلنجز کے حل کے لیے سفارتی روابط بڑھانے کی فوری ضرورت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے شرکا کو آگاہ کیا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی، دوبارہ لڑائی کو روکنے اور امن کے فروغ کے لیے مسلسل سفارتی اور ثالثی کردار ادا کر رہا ہے۔
اجلاس میں شریک تمام وزرائے خارجہ نے اس فارمیٹ میں مشاورت اور رابطوں کے تسلسل پر اتفاق کیا۔