گذشتہ ہفتے چودہ جولائی سے اکیس جولائی تک پاکستان میں پیش آنے والے واقعات کی تصویری جھلک۔
،تصویر کا کیپشنپاکستان میں پولیو کے موذی مرض کے خاتمے کے لیے سولہ جولائی سے تین روزہ مہم شروع ہوئی جس میں تین کروڑ چالیس لاکھ بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تاہم بعض شدت پسند تنظیموں کی مخالفت کی وجہ سے قبائلی علاقوں میں پولیو مہم ملتوی کر دی گئی۔
،تصویر کا کیپشنسترہ جولائی کو کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب اسی مہم میں شامل اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک غیر ملکی ڈاکٹر زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے ڈاکٹر کا تعلق صحت سے متعلق عالمی ادارۂ صحت سے تھا۔
،تصویر کا کیپشنصوبہ خیبر پختونخواہ کے جنوبی ضلع بنوں میں سولہ جولائی کی صبح پولیس کے اسلحہ خانے پر شدت پسندوں نے حملہ کر دیا۔ چار حملہ آوروں میں سے دو نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دو کو گرفتار کر لیا گیا۔
،تصویر کا کیپشنرواں ہفتے پاکستان کی وادی سوات میں پانچ روزہ کالام سمر فیسٹیول اختتام کو پہنچا۔ اس میلے میں موسیقی، میجک شو، فیس پینٹنگ، پیراگلائیڈنگ اور آتش بازی کا انتظام تھا جس سے بڑی تعداد میں لوگ محظوظ ہوئے۔
،تصویر کا کیپشنسترہ جولائی کو نیٹو کو پاکستان کے زمینی راستے سے رسد کی فراہمی کی بحالی کے خلاف مذہبی جماعتوں نے خیبر ایجنسی میں سپلائی کے راستے پر دھرنا دیا جس میں بڑی تعداد میں کارکن شریک ہوئے۔
،تصویر کا کیپشنکراچی کے چڑیا گھر میں اس ہفتے جنوبی افریقہ سے لائے گئے سفید شیروں کا اضافہ ہوا ہے۔ اٹھارہ جولائی کو پہلی مرتبہ ان شیروں کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ چڑیا گھر آئے۔
،تصویر کا کیپشنانیس جولائی کو پاکستان کے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پہلی مرتبہ بطور وزیراعظم افغانستان کا دورہ کیا جس کے دوران نہ صرف وہ افغان صدر سے ملے بلکہ کابل میں موجود برطانوی وزیراعظم سے بھی ملاقات کی۔
،تصویر کا کیپشنپاکستان میں ریلوے کے محکمے کی حالت روز بروز خراب ہوتی جا رہی ہے اور رواں ہفتے سیکرٹری ریلوے نے ایک بیان میں بتایا کہ ملک میں اس وقت صرف چھ فیصد ٹرینیں ہی وقت پر اپنی منزل پر پہنچ رہی ہیں۔
،تصویر کا کیپشنپاکستان میں اکیس جولائی سے ماہِ رمضان کا آغاز ہوا ہے۔ اس مہینے میں روزہ داروں کی پسند کے روایتی پکوانوں کی مانگ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ زیرِ نظر تصویر میں لاہور میں ایک حلوائی کی دکان پر خریدار تازہ پھینیوں کے منتظر دکھائی دیتے ہیں۔