سلمان تاثیر کی برسی کی تقریب پر حملہ کرنے والے مرکزی مجرم کو سزا

،تصویر کا ذریعہReuters
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مقتول گورنر سلمان تاثیر کی برسی کی تقریب پر دو سال قبل حملہ کرنے والے مرکزی مجرم ممتاز سندھی کو 16 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
ممتاز سندھی پر الزام تھا کہ اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر لاہور کے معروف علاقے لبرٹی چوک میں مقتول گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی چوتھی برسی کے حوالے سے تقریب پر دھاوا بول دیا اور اس میں شریک افراد پر حملہ کیا اور زخمی کر دیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ممتاز سندھی کے خلاف الزامات ثابت ہونے پر انھیں مختلف دفعات میں مجموعی طور پر ساڑھے 16 برس کی سزا سنائی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
یاد رہے کہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے دو سال قبل یعنی 27 جولائی 2015 کو اسی مقدمے کے دیگر پانچ ملزموں عدیل، فرقان، افتخار، وزیر علیٰ اور کاشف منیر کو بھی سزا سنائی تھی۔
تاہم ممتاز سندھی کے مفرور ہونے اور بعد میں گرفتار ہونے پر اس کے خلاف مقدمے کی الگ کارروائی کی گئی۔ انسداد دہشت گردی کہ خصوصی عدالت نے ملزم ممتاز سندھی کے خلاف مقدمہ کی کارروائی مکمل ہونے پر سزا سنائی۔
مقتول گورنر پنجاب کی برسی کی تقریب پر حملے کا مقدمہ سماجی کارکن عبداللہ ملک نے گلبرگ تھانہ میں درج کرایا تھا
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مجرم ممتاز سندھی قانون کے تحت فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل کرسکتا ہے۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا دو رکنی بنچ گزشتہ برس اپریل اسی مقدمہ کے دیگر پانچ مجرموں کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کر چکی ہے۔



















