گدھے کو گاجر کے رنگ کی گاڑی سے کیا دلچسپی

،تصویر کا ذریعہMCCLAREN/ISTOCK
جرمنی میں ایک عدالت جمعرات کو اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ اس گدھے کے مالک کو جس نے ایک سپورٹس کار کو کھانے کی کوشش کی، اسے نقصان کی تلافی کرنی چاہیے یا نہیں۔
پچھلے سال پندرہ ستمبر کو مارکس زاہن نے اپنی نارنجی رنگ کی میک کلیرن سپائیڈر سپورٹس کار ریاست ہیسی کے ضلع ووگلسبرگ میں ایک اصطبل کے قریب واقع ایک کار پارک میں پارک کی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد وائیٹس نامی ایک گدھے نے ان کی گاڑی کو پیچھے سے کھانے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شاید وائٹس کو لگا ہو کہ وہ گاڑی ایک گاجر ہے۔
تاہم گدھے کے مالک نے گاڑی کو ہونے والے نقصان کے عوض 6000 یورو کی رقم ادا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ نقصان وائٹس کی وجہ سے نہ ہوا ہو۔ اور یہ بھی کہ مسٹر زاہن کو اپنی گاڑی، جس کی قیمت 300،000 یورو بتائی جاتی ہے، جانوروں کے اتنا قریب پارک نہیں کرنی چاہیے تھی۔















