تین سکول نذرِ آتش، 27 جنگجو ہلاک

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
صوبہ سرحد کے ضلع دیر میں حکام کا کہنا ہے کہ منگل کے روز تازہ واقعات میں بعض نامعلوم افراد نے لڑکیوں کے مزید تین سکولوں کو جلا دیا ہے۔ دوسری جانب سوات میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ستائیس شدت پسند اور ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دیر کی تحصیل میدان میں سوموار اور منگل کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے لڑکیوں کے تین سکولوں کو جلا دیا۔ جلائے جانے والے سکولوں میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سنگولئی، ہائی گرلز سکول چنار کوٹ اور مڈل گرلز سکول شیر خانئی شامل ہیں۔
تھانہ میدان کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ پہلے نامعلوم مسلح افراد نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سنگولئی میں آگ لگا دی تھی اس کے بعد چنار اور شیر خانئی کے سکولوں کو جلادیاگیا۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ لوئر دیر کے مختلف علاقوں میں جلائے جانے ولے سکولوں کی تعداد دس تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی وجہ سے سکول کی چار دیواری اور عمارت کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
سکولوں پرحملوں میں ایک ایسے وقت میں اضافہ ہوا ہے جب دیر سے متصل شورش زدہ ضلع سوات میں سکیورٹی فورسز نے دعوٰی کیا ہے کہ سوات کے زیادہ تر علاقے کو شدت پسندوں سے صاف کر دیا گیا ہے جبکہ دیر میں شدت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے منگل کے روز جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سوات کے مختلف علاقوں میں ستائیس شدت پسندوں کو ہلاک جبکہ بائیس کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق شدت پسندوں کی جوابی کارروائی میں ایک اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔
دیر میں فوج کے ایک ترجمان میجر الیاس خان نے بی بی سی کو بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے تحصیل دیر میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی شروع کی ہے جس میں شوہ کے علاقے میں مقامی طالبان کمانڈر صلاح الدین اور تازہ گرم کے علاقے میں صدیق خان کے گھروں کو سکیورٹی فورسز نے دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوئر دیر کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے جس میں ایک ہزار سے زیادہ اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے رات بھر شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے جس میں متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق دیر بالا میں قومی لشکر نے کارروائی کے دوران شدت پسندوں کو چار دیہات سے نکال دیا گیا جبکہ مزید دو دیہات شاٹ کس اور غازی گئی سے شدت پسندوں کو نکالنے کے لیے لشکر کی کارروائی جاری ہے۔ بیان کے مطابق قومی لشکر نے تیرہ شدت پسندوں کو ہلاک بھی کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















