فائرنگ سے تین پولیس اہلکار ہلاک

- مصنف, بیورو رپورٹ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، اسلام آباد
- وقت اشاعت
صوبہ پنجاب اور سرحد کے درمیان واقع ضلع اٹک کی حدود میں اتوار کی صبح نا معلوم افراد نے گولیاں مار کر تین پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔
تھانہ حسن ابدال کے محرر کے مطابق یہ واقع اتوار کے روز علی الصبح پیش آیا۔ تھانہ محرر کے مطابق کانسٹیبل بشارت شاہ، نعیم اور یٰسین پنجاب اور صوبہ سرحد کو ملانے والی ریلوے لائن پر حضرو کے قریب ایک پل کی حفاظت پر مامور تھے۔
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اٹک کے ضلعی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس تہرے قتل کی وجہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ابھی اس بارے میں وثوق سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ تھانہ انچارج اور دیگر متعلقہ افسران جائے وقوعہ پر موجود ہیں جہاں سے واپسی پر ہی ابتدائی تحقیق کا کوئی نتیجہ سامنے آ سکتا ہے۔
ضلعی پولیس افسر فخر سلطان کے سیکریٹری کے مطابق ضلع بھر کے اعلیٰ پولیس افسر واقعہ کی تحقیق کے لیے موقع پر موجود ہیں جہاں موبائل فون سروس نہ ہونے کے باعث ان سے رابطہ نہیں ہو سکتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس انہی دنوں میں اٹک کی حدود سے پولینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک انجینیئر کو اغوا کر لیا گیا تھا جسے بعد میں شدت پسندوں نے ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔















