وزیرستان: امریکی ڈرون حملے میں 4 ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک مشتبہ امریکی ڈرون حملے میں کم سے کم چار افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔
اطلاعات کے مطابق حملہ کا نشانہ طالبان کمانڈر جلال الدین حقانی سے وابستہ ایک گروپ کا مرکز تھا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مرنے والوں کی تعداد دس بتائی ہے لیکن اس کی ابھی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
اس سے پہلے بھی شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان پر امریکی جاسوس طیاروں پر میزائل حملے ہوچکے ہیں۔ ان حملوں میں غیر ملکی مقامی طالبان اور پنجابی طالبان کے علاوہ عام شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے بھی شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے سے ایک مکان کے قریب ایک گاڑی پر میزائل حملہ ہوا تھا جس کے نتیجہ میں تین افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔حملے میں ایک گاڑی بھی تباہ ہوگئی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت ایک امریکی جاسوس طیارہ فضاء میں موجود تھا اور دھماکے کے بعد پورے گاؤں کے لوگ گھروں سے باہر آگئے اور دیکھا کہ مکان سے دھواں اٹھ رہا تھا۔
ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ میزائل حملے میں کوئی غیر ملکی ہلاک ہوا ہے یا نہیں۔















