عورت کویہ حق کیوں نہیں؟

- مصنف, عباد الحق
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
- وقت اشاعت
ایک پاکستانی خاتون نے اپنے بھارتی شوہر کو پاکستان کی شہریت دلوانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔
خاتون نے اس ضمن میں دادرسی کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے روبرو ایک آئینی درخواست دائر کی جسے لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج نے باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے اس سفارش کے ساتھ چیف جسٹس کو بجھوا دی ہے کہ اس میں اہم نوعیت کا نکتہ اٹھایا گیا ہے اس لیے اس کی سماعت کے لیے بڑا بنچ تشکیل دیا جائے۔
درخواست شازیہ ضیاء نے دائر کی ہے جس میں پاکستانی خاتون کے بھارتی شوہر کو پاکستان کی شہریت نہ دینے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس میاں ثاقب نثار سماعت کر رہے تھے۔
سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار پاکستانی خاتون کی شادی بھارتی شہری ماجد علی سے ہوئی ہے اور درخواست گزار نے اپنے شوہر کو پاکستانی شہریت دلوانے کے لیے متعلقہ حکام سے رجوع کیا لیکن ان کے شوہر کو پاکستانی شہریت سے دینے سے انکار کردیا گیا جو بقول درخواست گزار غیر آئینی ہے۔
درخواست میں یہ نکتہ اٹھایا گیا کہ جو پاکستانی مرد غیرملکی خواتین سے شادی کرتے ہیں ان خواتین کو پاکستان کی شہریت دے دی جاتی ہے جبکہ درخواست گزار خاتون کے معاملے میں اس کے غیر ملکی شوہر کو شہریت نہیں دی گئی جو امتیازی سلوک ہے جس کی پاکستانی آئین اجازت نہیں دیتا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت متعلقہ حکام کو ہدایت کرے کہ وہ درخواست گزار خاتون کے بھارتی شوہر کو پاکستان کی شہریت دی جائے۔















