اسلام آباد میں سوائن فلو کے دو کیس

- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ دو روز میں دو افراد کے سوائن فلو میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
یہ دونوں افراد بیرون ملک سے اسلام آباد کے بینظیر بھٹو انٹرنیشل ائرپورٹ پہنچے تھے جہاں ان کو ابتدائی ٹیسٹ کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) داخل کرایا گیا۔
پاکستان میں پہلے سوائن فلو کے مریض کی تصدیق اس وقت ہوئی جب دوبئی سے اسلام آباد آنے والے شخص غلام قادر کوسوائن فلو کے شُبے میں بدھ کے روز پمز ہسپتال لایا گیا۔ اور دوسرے کیس جمعرات کے روز منظر عام پر آیا جب عمران خان نامی شخص مسقط سے اسلام آباد پہنچے اور ان کو پمز ہسپتال داخل کرایا گیا۔
پمز کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر منہاج کے مطابق دونوں افراد کے ابتدائی ٹیسٹ کیے گئے اور جس سے اُن افراد میں سوائن فلو کی تصدیق ہوگئی۔
ڈاکٹر منہاج کا کہنا ہے کہ عمران خان صوبہ پنجاب کے علاقے سمندری کے رہائشی ہیں اور وہ کچھ عرصہ قبل روز گار کے سلسلے میں اومان گئے تھے۔
ان مریضوں کو ہسپتال میں علیحدہ وارڈ میں رکھا گیا ہے جہاں پر اُن کا علاج جاری ہے۔
ان افراد کی دیکھ بھال پر مامور ہسپتال کے عملے کا کہنا ہے کہ ان افراد کو دس سے بارہ دنوں کے لیے آبزرویشن میں رکھا جائے گا اور اس عرصے کے دوران کسی کو بھی اُن سے ملنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ہسپتال کے عملے کا کہنا ہے کہ ابھی تک ان متاثرہ افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















