نواز شریف کےمدمقابل آنے کی تیاریاں

عمران خان
،تصویر کا کیپشنعمران خان ضمنی انتخابات میں لاہور سے نواز شریف کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا سوچ رہے ہیں
    • مصنف, عباد الحق
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
  • وقت اشاعت

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سات نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے لاہور میں قومی اسمبلی کے اس انتخابی حلقے سے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں سے مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف امیدوار ہیں۔

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر چیمہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی جماعت کے فیصلے کے مطابق عمران خان لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو تیئس سے منگل یعنی انتیس ستمبر کو کاغذات حاصل کریں گے تاہم عمران خان کے اس حلقہ سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ چار اکتوبر کو تحریک انصاف کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں بقول ان کے اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا عمران خان قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو تیئس سے انتخاب لڑیں یا نہیں۔

نواز شریف لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے ایک سو تیئس سے امیدوار ہیں۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ان کی جماعت دیگر ارکان نے معزول ججوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فروری دو ہزار آٹھ میں ہونے والے عام انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھااور عمران خان سمیت پارٹی کے ان تمام امیدواروں نے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی کو پھاڑتے ہوئے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

عمران خان اکتوبر سنہ دوہزار دو میں ہونے والے عام انتخابات میں بھی حصہ لیا اور بیک وقت لاہور اور میانوالی سے انتخاب لڑا تھا تاہم وہ میانوالی کے قومی اسمبلی کے حلقہ اکہتر سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو بائیس سے کامیاب نہ ہوسکے اور اس حلقے مسلم لیگ نون کے رہنما سردار ایاز صادق منتخب ہوئے تھے۔

عمران خان نے اکتوبر سنہ دو ہزار سات میں اس وقت استعفیْ دے دیا تھا جب جنرل پرویز مشرف نے دو سری مرتبہ کے لیے صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان کیا تھا اور عمران خان نے صدارتی انتخاب سے محض چار روز قبل اپنی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفیْ ہوگئے۔

لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے ایک سو تیئس سے نواز شریف کے علاوہ جماعت اسلامی کے سابق رکن قومی اسمبلی حافط سلمان بٹ بھی کاغذات نامزدگی حاصل کرچکے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی نے اس حلقے سے ابھی کسی امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا۔

اسی حلقے سے آزاد امیدوار الیاس گجر نے لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں انہوں نے اس انتخابی حلقے سے نئے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جاری کرنے سے روکا جائے کیونکہ بقول درخواست گزار امیدوار کے انتخابی عمل مکمل ہوچکا ہے اور اب صرف پولنگ ہونا باقی ہے اس لیے نئے امیدوار کو کاغذات نامزدگی جاری نہ کیے جائیں۔

خیال رہے کہ لاہور کے قومی اسمبلی حلقہ ایک سو تیئس سے سنہ دو ہزار دو میں مسلم لیگ نون کے رہنما جاوید ہاشمی منتخب ہوئے جبکہ وہ اپنے آبائی شہر ملتان کے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو اڑتالیس سے کامیاب نہیں ہوسکے تھے اور ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے رہنما اور موجودہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے منتخب ہوئے تھے۔